Gas Leakage Web ad 1

یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، صدر و وزیر اعظم کے پیغامات

0

(نیوز ڈیسک)ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

Gas Leakage Web ad 2

یوم عاشور آج پورے پاکستان میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک کے مختلف شہروں میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
کراچی میں ایم اے جناح روڈ کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا ہے، جب کہ دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا اور روایتی راستے پر رواں دواں ہے۔
اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ جلوسوں کی حفاظت کے پیش نظر کئی علاقوں میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور قربانی، صبر اور حق گوئی کی روشن علامت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت باطل کے خلاف جدوجہد کا استعارہ ہے اور کربلا کا میدان ضمیر اور دین کی اصل روح کا امتحان تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بطور قوم ہمیں حسینی کردار اپنانا ہوگا، نظام کو عدل، دیانت اور فلاح عامہ پر استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم عاشور کے پیغام میں کہا کہ عاشورا ہمیں صبر، قربانی اور اصولوں پر قائم رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے حق، عدل اور دین کی سربلندی کے لیے جو لازوال قربانی دی، وہ تمام انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے چیلنجز کے تناظر میں قوم کو سیرتِ حسینی سے رہنمائی لیتے ہوئے دیانت، برداشت اور قربانی جیسے اوصاف کو اپنی زندگی میں اپنانا ہوگا۔
دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر پاکستان میں اتحاد، رواداری، بھائی چارے اور استحکام کی دعا بھی کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حضرت امام حسینؓ کا پیغام نہ صرف ان کے دور تک محدود ہے بلکہ ہر دور میں ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کا اعلان ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.