چیئرمین نیب کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات، 5311 ارب روپے کی ریکوری پر خراجِ تحسین

0

چیئرمین نیب کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات، 5311 ارب روپے کی ریکوری پر خراجِ تحسین

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) — چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے نیب کی سالانہ رپورٹ 2023-24 پیش کی۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے نیب کی جانب سے کی گئی 5311 ارب روپے کی تاریخی ریکوری کو سراہا اور ادارے کی غیر جانبداری، شفافیت اور مؤثر کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسپیکر نے نیب میں کفایت شعاری، ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تحقیقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات ادارے کو مزید مضبوط اور مؤثر بناتے ہیں۔

شکایات کے ازالے کے لیے نیب کی جانب سے کیے گئے سہولت کاری اقدامات اور دفاتر میں عوام کے ساتھ احترام و عزت کے برتاؤ کو یقینی بنانے کے لیے "اسپیشل اکاؤنٹیبلٹی ڈیسک” کے قیام کو بھی سراہا گیا۔

چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارے کو ماڈل اینٹی کرپشن ادارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو کاروبار دوست ادارہ بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں دور ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ نیب کی کوششوں سے کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، جو ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.