چینی کمپنی کا آواز سے فعال ہونیوالا ’گاڑی میں نصب ٹوائلٹ‘
چین کی ایک کار ساز کمپنی نے آواز سے فعال ہونے والے “گاڑی میں نصب ٹوائلٹ” کا کامیاب پیٹنٹ حاصل کر لیا ہے، جو مسافر کی سیٹ کے نیچے سے باہر نکل آتا ہے۔
چونگ چنگ میں قائم آٹو میکر سیریس نے اپریل 2025 میں پیٹنٹ نمبر CN224104011U کے تحت اس نظام کی درخواست دائر کی تھی، جسے اب باضابطہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
سلامتی کونسل سندھ طاس معاہدہ عالمی ذمہ داری کے تحت مکمل بحال کرائے: پاکستان
پیٹنٹ دستاویز کے مطابق یہ “ان-وہیکل ٹوائلٹ” طویل سفر، کیمپنگ یا گاڑی میں قیام کے دوران مسافروں کی ضروری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
یہ ٹوائلٹ آواز کے ذریعے کنٹرول ہوتا ہے اور فضلے کو ایک ٹینک میں جمع کرتا ہے، جہاں ایک گھومنے والا حرارتی نظام پیشاب کو بخارات میں تبدیل کرتا ہے جبکہ ٹھوس فضلے کو خشک کر دیتا ہے۔ بدبو کے خاتمے کے لیے اس میں ایگزاسٹ فین بھی شامل کیا گیا ہے۔
کمپنی نے ابھی تک اس بات کا اعلان نہیں کیا کہ یہ سہولت کس گاڑی میں شامل کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق سیریس اس نوعیت کا نظام متعارف کرانے والی پہلی کمپنی نہیں ہے، اس کی حریف کمپنی پولسٹون پہلے ہی ایک پورٹیبل ٹوائلٹ پیش کر چکی ہے، جس میں فولڈ ہونے والی سیٹ شامل ہے جسے سینٹر کنسول میں رکھا جا سکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر پلاسٹک بیگز کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 1954 کی کلاسک رولس رائس سلور ریتھ لیموزین میں سونے سے مزین ٹوائلٹ موجود تھا، جسے حال ہی میں سوتھبیز کے ذریعے نیلام بھی کیا گیا ہے۔