July 14, 2024

قیام امن کیلئے صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں،محسن نقوی

0

کراچی(نیوزڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی میں برہانی محل اور شاہ شہیدان امام بارگاہ کا دورہ کیا اور برہانی محل میں داودی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کی۔

اس موقع پر سیدنا مفضل سیف الدین کے صاحبزادے شاہزادہ حسین برہان الدین بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیدنا مفضل سیف الدین کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان آمد پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاہے کہ آپ کی آمد ہمارے لئے باعث افتخار ہے، آپ سے عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، داودی بوہرہ برادری امن پسند اور محبت کرنے والی کمیونٹی ہے۔

اس موقع پر سیدنا مفضل سیف الدین نے داودی بوہرہ کمیونٹی سے متعلق امور کے فوری حل پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور خوبصورت چادر اور تبرکات کا تحفہ دیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے سولجر بازار میں شاہ شہیدان امام بارگاہ میں انتظامات کا جائزہ لیا اور سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔

شاہ شہیدان امام بارگاہ کے دورہ کے موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی کی مولانا آیت اللہ عقیل الغربی اور سابق نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات کےد وران مولانا آیت اللہ عقیل الغربی اور مقبول باقر نے امن عامہ کے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شاہ شہیدان امام بارگاہ پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات بہترین ہیں، وفاق محرم الحرام میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *