معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن، جنہیں سب ڈکی بھائی کے نام سے جانتے ہیں، نے اپنے ایک وی لاگ میں کیے گئے مذاق پر معذرت کر لی ہے۔

یہ معاملہ ڈی ایچ اے والی میڈ سے متعلق تھا، جن کے بارے میں ان کے ایک جملے پر سوشل میڈیا پر کافی تنقید ہوئی تھی۔
اپنے نئے وی لاگ کے شروع میں ہی ڈکی بھائی نے کہا کہ ان کا مقصد کسی کی توہین کرنا یا کسی کا دل دکھانا بالکل نہیں تھا۔ اگر ان کی بات سے متعلقہ خاتون کو تکلیف پہنچی ہے تو وہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جان بوجھ کر کسی کو نیچا نہیں دکھاتے، ان کے پرانے ناظرین ان کے ہنسی مذاق والے انداز سے واقف ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اس خاتون کو ذاتی طور پر نہیں جانتے تھے، ان کا نام پہلی بار ایوارڈ شو میں نامزدگی کے وقت سنا تھا۔
انہوں نے مانا کہ ان کا جملہ نامناسب لگ سکتا ہے، اس لیے وہ اپنے الفاظ کی ذمہ داری لیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ خاتون ان کی وضاحت کو سمجھیں گی۔
یہ تنازع پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز کے بعد شروع ہوا تھا، جہاں ڈی ایچ اے والی میڈ نے بہترین یوٹیوبر کیٹیگری میں اقرا کنول کو شکست دے کر ایوارڈ جیتا تھا۔ اس پر ڈکی بھائی نے اپنے وی لاگ میں طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ کیا وہ اپنا کام ٹھیک سے کرتی ہیں، اسے ہمارے گھر بھی بھیج دو۔
اس جملے پر صارفین نے سخت ردعمل دیا تھا اور کہا تھا کہ اس طرح کی بات ایک محنت کش خاتون کی محنت کو کمتر دکھاتی ہے۔



