وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر خاتون مسافر سے مبینہ بدسلوکی کرنے والے گرین الیکٹرک بس کے کنڈیکٹر سے معافی منگوا لی گئی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے نوٹس لیتے ہوئے نجی کمپنی کے کنڈیکٹر علی رضوان کو ملازمت سے فارغ کردیا تھا۔
صدر ٹرمپ چین میں شی جن پنگ اور پیوٹن سے ملاقات کریں گے، وائٹ ہاؤس کی تصدیق
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ صرف ملازمت سے فارغ کرنا کافی نہیں، بلکہ کنڈیکٹر کو پکڑ کر خاتون کے گھر لے جایا جائے اور سب کے سامنے معافی منگوائی جائے۔ انہوں نے اس حوالے سے ڈی آئی جی فیصل کامران کو ہدایات بھی جاری کی تھیں۔
بعد ازاں بس کے کنڈیکٹر نے خاتون کو دھکا دینے پر معافی مانگ لی، جس کی ویڈیو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
کنڈیکٹر کا کہنا تھا کہ خاتون کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ انتہائی غلط تھا، جس پر وہ شرمندہ ہیں اور اس عمل کے لیے معافی مانگتے ہیں۔ انہوں نے پوری قوم سے بھی معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ توبہ کرتے ہیں اور آئندہ کبھی کسی کے ساتھ ایسا رویہ اختیار نہیں کریں گے۔



