بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے دیرینہ باڈی گارڈ گرمیت سنگھ جولی عرف شیرا کے بیٹے ابیر سنگھ بھی جلد شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں طویل عرصے سے نبھانے والے شیرا کے بیٹے ابیر سنگھ کی بالی ووڈ میں انٹری کی خبریں کئی برس سے گردش میں ہیں، تاہم اب ان کے فلمی ڈیبیو کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’فلم فیئر‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ابیر سنگھ فلم ’ٹارزن‘ کے ذریعے اداکاری کا آغاز کریں گے۔ فلم میں اداکار سورج پنچولی کی شمولیت کی بھی اطلاعات ہیں، تاہم نئے پروجیکٹ سے متعلق دیگر تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بھی واضح نہیں کہ سلمان خان ابیر سنگھ کی ڈیبیو فلم کو پروڈیوس کریں گے یا کسی اور حیثیت سے اس منصوبے کا حصہ بنیں گے۔ فلم کی حتمی کاسٹ، کہانی اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق مزید معلومات کا انتظار ہے۔