لاہور میں جاری چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کا دوسرا روز بھی ثقافتی رنگوں، ڈھول کی تھاپ اور فکری نشستوں سے بھرپور رہا۔ کانفرنس میں شریک وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پنجابی زبان کے فروغ کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے سرکاری سطح پر ’’سانجھ‘‘ کے نام سے پنجابی نیوز چینل شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کے دوسرے روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور کانفرنس کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے زیراہتمام میڈیکل کیمپ کا انعقاد، مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم
اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ پنجابی زبان کے فروغ کے لیے سرکاری سطح پر ’’سانجھ‘‘ کے نام سے چینل شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) اور ریڈیو پاکستان پر بھی پنجابی زبان کے پروگرام نشر کیے جائیں گے۔ عطا اللہ تارڑ نے ننکانہ صاحب کی دھرتی سے اپنے تعلق پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب کے اصل ہیروز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
وفاقی وزیر نے پنجابی زبان کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے اور سکھ برادری کے ویزا مسائل حل کرنے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اگلے سال پنجابی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کرنے کی تجویز بھی پیش کی اور منتظمین سے چارٹر آف ڈیمانڈ طلب کرلیا۔
کانفرنس میں پاکستان سمیت امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سے آئے ہوئے مندوبین اور ادب سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ مختلف نشستوں میں پنجابی زبان کے فروغ، کسانوں کو درپیش مسائل اور ڈیجیٹل دور میں نوجوان نسل کو اپنی زبان اور ثقافت سے جوڑے رکھنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
کانفرنس کے منتظمین اور شرکاء کا کہنا ہے کہ پنجابی نیوز چینل کے اجرا اور حکومتی سرپرستی سے پنجابی زبان اور ثقافت کو عالمی سطح پر نئی شناخت ملے گی، جبکہ نئی نسل کو اپنی زبان، ثقافت اور روایات سے جڑے رہنے کا موقع بھی ملے گا۔


