نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی امن و امان کی صورتحال اور حساس سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع لاہور میں پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوسوں کے انعقاد اور غیر قانونی اجتماعات کے لیے لوگوں کو اکسانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
کل راولپنڈی میں مقامی تعطیل کا اعلان
تاہم شادی بیاہ کی تقریبات، نمازِ جنازہ، تدفین اور عبادت گاہوں میں نماز کی ادائیگی کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری اور نیم سرکاری امور کی انجام دہی سمیت عدالتی کارروائیوں کو بھی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے مطابق حساس سکیورٹی اطلاعات کے پیش نظر دفعہ 144 میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔


