اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت براہِ راست نشر کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی لائیو اسٹریمنگ سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے سامنے ہے اور اس حوالے سے ابھی قواعد و ضوابط مرتب ہونا باقی ہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال 2026 کے دوسرے سپر مون کا نظارہ
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ لائیو اسٹریمنگ سے متعلق قواعد بننے تک اپیلوں کی سماعت ملتوی کردی جائے۔ اس پر جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آپ مجھے ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے کہ اس عدالت میں کیا ہونا چاہیے اور کیا نہیں، یہ طے کرنا میرا کام ہے۔ سماعت اوپن کورٹ میں ہورہی ہے، آپ دلائل شروع کرنے سے کیوں ہچکچا رہے ہیں؟
عدالت میں دلائل دیتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کیس میں شہزاد اکبر، فرحت شہزادی اور ذلفی بخاری سمیت 6 ملزمان غیر حاضر رہے، تاہم عدالت نے صرف دو ملزمان کی حد تک کارروائی آگے بڑھائی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ رقم قومی خزانے کے بجائے چار سال تک سپریم کورٹ کے پاس موجود رہی اور سپریم کورٹ کی سرمایہ کاری کے نتیجے میں یہ رقم دوگنی ہوگئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس معاملے میں نقصان کہاں ہوا؟
وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ قومی خزانے کو نقصان اس مقدمے کے ذریعے پہنچایا گیا اور اس پر مہنگی ترین پراسیکیوشن کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کے مقدمات میں عموماً مؤقف اختیار کیا جاتا ہے کہ رقم بیرون ملک منتقل کردی گئی، جبکہ اس کیس میں رقم ملک میں واپس آرہی تھی۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت کی لائیو اسٹریمنگ سے متعلق درخواست مسترد کردی۔


