اسلام آباد: سائبر جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے ایک ٹیکس دہندہ کے آئی آر آئی ایس (IRIS) اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرکے جعلی انوائسز اور فرضی سپلائیز کے ذریعے کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

وفاقی ٹیکس محتسب ظفر حجازی نے سیلز ٹیکس فراڈ کے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے کارپوریٹ رجسٹریشن، سیلز ٹیکس اندراج اور ڈیجیٹل ٹیکس نظام میں موجود متعدد انتظامی اور تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایات پر مولانا فضل الرحمٰن اور صاحبزادے اسعد محمود سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ سائبر جرائم پیشہ عناصر نے ایک ٹیکس دہندہ کے آئی آر آئی ایس اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرکے جعلی انوائسز اور فرضی سپلائیز کے ذریعے کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کیں، جبکہ اس جعلی سپلائی چین سے ایک نئی قائم ہونے والی کمپنی نے بھی نمایاں فائدہ اٹھایا۔
تحقیقات کے مطابق شکایت کنندہ کے اکاؤنٹ سے مسلسل دو ٹیکس ادوار کے جعلی گوشوارے جمع کرائے گئے، جن میں ایسی سپلائیز ظاہر کی گئیں جن کا حقیقت میں کوئی کاروباری لین دین موجود نہیں تھا۔ اس مقصد کے لیے وی پی این کنکشنز استعمال کیے گئے، جبکہ ریکارڈ کیے گئے آئی پی ایڈریسز انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کے مقامات ظاہر کر رہے تھے۔ تاہم تکنیکی شواہد کی بنیاد پر اصل ملزمان کی حتمی شناخت ممکن نہ ہو سکی۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ایک نئی قائم ہونے والی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی نے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کے اگلے ہی روز سیلز ٹیکس رجسٹریشن حاصل کر لی، تاہم اس کی کاروباری اہلیت اور مطلوبہ دستاویزات کی مؤثر جانچ پڑتال نہیں کی گئی۔ کمپنی نے کاروباری مقام، یوٹیلیٹی بلز اور ملکیت یا کرایہ داری کے ثبوت فراہم کرنے کے بجائے ایک ہی رجسٹریشن دستاویز مختلف تقاضوں کے تحت اپ لوڈ کی، جسے خودکار نظام نے مناسب تصدیق کے بغیر قبول کر لیا۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے نشاندہی کی کہ سیلز ٹیکس رولز 2006 کے رول 5 میں موجود طریقہ کار تمام اقسام کے کارپوریٹ اداروں کا مؤثر احاطہ نہیں کرتا۔ مزید برآں، کمپنی کے ڈائریکٹرز کی تبدیلیاں ایف بی آر کے فارم 181 میں درج کر دی گئیں، حالانکہ ان تبدیلیوں سے متعلق ایس ای سی پی کا فارم 29 ابھی زیر التوا تھا۔ دونوں اداروں کے ڈیٹا کے درمیان بروقت رابطے اور تصدیق کا نظام موجود نہ ہونے کے باعث غیر مصدقہ معلومات کے ٹیکس ریکارڈ کا حصہ بننے کا خطرہ بھی سامنے آیا۔
مذکورہ کمپنی ایک دوسرے جعلی انوائس کیس میں بھی مستفید ہونے والے ادارے کے طور پر سامنے آئی۔ شکایت کنندہ کے بینک اسٹیٹمنٹس اور مالیاتی ریکارڈ سے ثابت ہوا کہ متنازع سپلائیز کے عوض کوئی ادائیگی وصول نہیں ہوئی، جبکہ وزارت دفاع اور حکومت سندھ کے محکمہ صحت سے منسوب لین دین بھی متعلقہ اداروں کے خریداری ریکارڈ میں موجود نہیں تھے۔
جعلی ٹرانزیکشنز کے نتیجے میں شکایت کنندہ کے سابقہ ٹیکس ادوار کا ان پٹ ٹیکس کریڈٹ استعمال کر لیا گیا، جس کے باعث اسے غیر ضروری ٹیکس واجبات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ جعلی اور فلائنگ انوائسز سے مستفید ہونے والے اداروں کے خلاف سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے سیکشن 11E اور سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 12 آف 2023 کے تحت رجسٹریشن کی معطلی، بلیک لسٹنگ اور ٹیکس وصولی سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس کے علاوہ سائبر فراڈ کے اصل ملزمان اور جعلی سپلائی چین سے فائدہ اٹھانے والے دیگر افراد کی نشاندہی کے لیے سیکشن 37A بمعہ سیکشن 2(37) کے تحت جامع فوجداری تحقیقات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف ٹی او نے سیلز ٹیکس رولز 2006 کے رول 5 میں ضروری ترامیم تجویز کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے، رجسٹریشن کے بعد لازمی تصدیق کے لیے 30 روز کی مدت مقرر کرنے، فارم 181 کے ذریعے ڈائریکٹرز کی تبدیلیوں کی تصدیق کا نظام بہتر بنانے اور نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کی سہ ماہی بنیادوں پر جانچ پڑتال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ ایک سال کے دوران جعلی انوائسز میں ملوث کمپنیوں کا ملک گیر سطح پر جائزہ لینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کو آئی آر آئی ایس پورٹل کی سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن، بائیومیٹرک تصدیق، اہم پروفائل تبدیلیوں کے لیے سپروائزری منظوری اور مشکوک گوشواروں کی نشاندہی کے لیے خودکار آئی پی مانیٹرنگ اور ویلیڈیشن کا نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر، پرال اور ایس ای سی پی کے درمیان معلومات کے تبادلے اور ریکارڈ کی باہمی تصدیق کے لیے ایک مربوط نظام قائم کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو شکایت کنندہ کے سابقہ ٹیکس ادوار کے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کی بحالی پر غور کرنے کی ہدایت کی ہے، تاہم اس کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کی جانب سے اس بات کی تصدیق ضروری قرار دی گئی ہے کہ شکایت کنندہ مذکورہ فراڈ میں ملوث نہیں تھا۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ خودکار رجسٹریشن اور ڈیجیٹل سہولتوں کے فروغ کے ساتھ مؤثر تصدیق، سائبر سیکیورٹی اور مسلسل نگرانی کا نظام بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو 60 روز کے اندر فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے اور پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے تحقیقات کے دوران چیف سیلز ٹیکس (آپریشنز)، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کے حکام کی جانب سے فراہم کیے گئے تعاون کو بھی سراہا ہے۔



