Gas Leakage Web ad 1

وزیراعظم کی ہدایات پر مولانا فضل الرحمٰن اور صاحبزادے اسعد محمود سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی

0

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی کا پلاٹون واپس بلا لیا گیا، جبکہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کی تمام سیکیورٹی بھی ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

اسی طرح مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے بھی ایف سی اور پولیس کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔ سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو 15 منٹ کے اندر اپنی ڈیوٹیاں چھوڑ کر واپس روانہ ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اداروں کی کارکردگی جانچنے کےلیے نظام تشکیل پاچکا، اہداف میں تاخیر برداشت نہیں کی جائےگی، وزیراعظم
سیکیورٹی برانچ ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق گزشتہ رات گئے تک پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی کلوز کر دی گئی تھی، جبکہ آج صبح ڈسٹرکٹ پولیس نے بھی مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کو واپس بلا کر ان کی سیکیورٹی ڈیوٹیاں ختم کر دیں۔ سیکیورٹی واپس لینے کے اس اقدام کے بعد سیاسی و سماجی حلقوں میں مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان نے کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جے یو آئی اپنے قائدین اور کارکنوں کے خلاف مبینہ ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی۔

جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کی ناکہ بندی شروع کر دی گئی ہے اور بلا اشتعال کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ قانون کی حدود میں رہ کر کام کرے۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مزید کہا کہ وکلا اور کارکنان ہوشیار رہیں، قائدین کے تحفظ کے لیے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی تمام سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک طرف تھریٹ لیٹر جاری کیے جا رہے ہیں اور دوسری طرف سیکیورٹی واپس لی جا رہی ہے، حکومت اس اقدام کے ذریعے کیا پیغام دینا چاہتی ہے؟ انہوں نے خبردار کیا کہ جے یو آئی کی قیادت کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

ترجمان جے یو آئی نے مزید کہا کہ قائد جمعیت کے پرسنل سیکریٹری مفتی ابرار اور ان کے اہل خانہ کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق رات گئے مفتی ابرار کی گرفتاری کے بہانے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے گئے۔

اسلم غوری نے کہا کہ حکمران وضاحت کریں کہ جے یو آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیوں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جو بیج بو رہے ہیں، کل انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ اسلم غوری نے کارکنوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قائد جمعیت کے تحفظ کے لیے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.