اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ملک لائبیریا کے زیر اہتمام ’’قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور امن کے لیے تعاون کا فروغ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ آریا فارمولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کہا ہے کہ مستقل ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026ء کے اپنے فیصلے میں تصدیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ مشترکہ قدرتی وسائل کو بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دباؤ ڈالنے یا سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرے۔
پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ 4 لاکھ سے نیچے آگیا
سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر عثمان جدون نے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 33 کے تحت تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے بالخصوص پانی سمیت مشترکہ سرحد پار قدرتی وسائل کے نظام کے حوالے سے تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
قدرتی وسائل اور تنازعات کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کو استحصال اور تنازعات کا ذریعہ بنانے کے بجائے پائیدار ترقی، مشترکہ خوشحالی اور امن کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
افریقی ممالک کی جانب سے اپنے قدرتی وسائل پر خودمختار اختیار کے حصول کی جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے نائب مستقل مندوب نے کہا کہ بیرونی مداخلت، وسائل کا غیر قانونی استحصال، سیاسی محرومی، کمزور ادارے اور اشرافیہ کی جانب سے وسائل کی دولت پر اجارہ داری اکثر قدرتی وسائل کو تنازعات کا سبب بنا دیتی ہے۔
انہوں نے جمہوریہ کانگو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں معدنی وسائل کی بے پناہ دولت عوام کی خوشحالی کا ذریعہ بننے کے بجائے تنازعات کے تسلسل کا سبب بنی ہوئی ہے۔
سفیر عثمان جدون نے قدرتی وسائل سے متعلق تنازعات کی روک تھام کے لیے تین اہم ترجیحات کی نشاندہی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح تنازعات کی بنیادی سیاسی اور انتظامی وجوہات کا خاتمہ، جامع سیاسی مفاہمت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہونی چاہیے۔ دوسری ترجیح وسائل کی غیر قانونی ترسیل اور تنازعات کی مالی معاونت روکنے کے لیے سپلائی چین میں شفافیت، ذمہ دارانہ خریداری اور عالمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ تیسری ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ ترقی پذیر اور قدرتی وسائل سے مالا مال ممالک سرمایہ کاری، مقامی سطح پر پیداوار اور پراسیسنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اضافی قدر کے حصول سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے زور دیا کہ قدرتی وسائل کا انتظام اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور قدرتی وسائل پر مستقل خودمختاری کے اصول کے مطابق ہونا چاہیے، جسے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 1803 میں بھی تسلیم کیا گیا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر سفیر عثمان جدون نے کہا کہ عالمی برادری کا مشترکہ مقصد قدرتی وسائل کو استحصال، عدم مساوات اور تنازعات کا ذریعہ بنانے کے بجائے باہمی تعاون، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار امن کے فروغ کا ذریعہ بنانا ہونا چاہیے۔



