Gas Leakage Web ad 1

بلاول کا ریفرنڈم کے بجائے ملک میں الیکشن کرانے کا مطالبہ

0

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں 6 ماہ کے اندر عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کے بجائے انتخابی اصلاحات کی جائیں اور چھ ماہ میں انتخابات کرائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ کامیاب ہو کر دکھا دیں گے کہ سندھ کے عوام نے انہیں ووٹ کیوں دیا۔

Gas Leakage Web ad 2

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر ریفرنڈم کرانا ہے تو قانون نافذ کرنے والے ادارے سندھ میں امن و امان کی ضمانت دیں۔ صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے معاملے پر اب تک کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی۔ نواب شاہ میں صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات ہو یا لاہور میں صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، کسی بھی موقع پر ریفرنڈم کا معاملہ زیر غور نہیں آیا۔
اپنی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، ہم نے سندھ میں بہت کام کیا ہے: بلاول
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی بات کرنے والے وہ لوگ ہیں جو نہ کبھی انتخابات جیتے ہیں اور نہ ہی مستقبل میں جیت سکتے ہیں۔ پاکستان کے حکمران ملک کے اصل مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے۔ کیا پاکستان اس طرح چلے گا کہ چیئرمین پی سی بی یہ بحث شروع کریں کہ نظام کو کیسے ری سیٹ کرنا ہے اور نئے صوبے کیسے بنانے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کی کوشش کی گئی تو صوبے میں خون بہے گا اور زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ دھمکی نہیں دے رہے بلکہ خبردار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی صوبوں کی تقسیم پر ریفرنڈم تو چاہتے ہیں لیکن وہ نقشے پر یہ بھی نہیں بتا سکیں گے کہ سندھ کے شہر کہاں واقع ہیں۔

اس سے قبل ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں جو کچھ ہوا، اس وقت بھی ایسے حالات پیدا کیے گئے تھے جن کا مقصد صوبے میں تقسیم پیدا کرنا تھا۔ آج بھی ایسا خطرہ موجود ہے، اسی لیے وہ خبردار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں، دھمکی نہیں دے رہے اور خبردار کر رہے ہیں کہ اگر زبردستی ایسا کوئی اقدام کیا گیا تو اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ بات صرف وہ نہیں کر رہے بلکہ اس تجویز کے بڑے حامی، جن کا تعلق کراچی سے ہے، وہ بھی یہی الفاظ استعمال کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر زبردستی کی گئی تو ان کے نہ چاہنے کے باوجود ایسی آگ بھڑک سکتی ہے جسے بجھانا مشکل ہو جائے گا۔ اگر ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ کراچی کی بندرگاہ سے نکلنے والا سامان باہر نہ جا سکے تو اس کے ملکی معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ کہے گا کہ نظام کو ختم یا مفلوج کیا جائے گا تو انہیں بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔ اگر نظام مفلوج ہے تو اس کی وجوہات کیا ہیں؟ اگر کوئی کہتا ہے کہ نظام کو دوبارہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے تو انہیں بھی یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی رائے دیں کہ اس کی کیا شکل ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ری سیٹ غیر سیاسی ہونا چاہیے یا سیاسی، اس حوالے سے انہوں نے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں۔ وہ اپنے مؤقف اور پوزیشن سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات کا شاید اشرافیہ کو اندازہ نہیں ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت موجود ہے اور وہ خود بھی ایک اسٹیک ہولڈر ہیں۔ ایک بڑے اسٹیک ہولڈر کی حیثیت سے وہ بتا رہے ہیں کہ حالات بہتر بنانے کے لیے ان کی تجاویز کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی لیے سب کو ہوش کے ناخن لینے کا کہہ رہے ہیں۔ انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ ان کے سچ بولنے کے بعد یہ فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ ان سے بھی لڑائی کی جائے گی۔ ان کے بقول سامنے آنے والا ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاستدانوں میں سچ سننے کا حوصلہ نہیں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر سیاستدانوں میں ان کی بات سننے کا حوصلہ نہیں تو پھر عوام کا کیا ہوگا، جو اپنی آواز حکومت تک پہنچانے کی صلاحیت بھی نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بحث شروع کی گئی ہے تو اسے آگے بڑھانے کا حوصلہ بھی ہونا چاہیے۔ یہ فیصلہ کر لینا کہ بحث مخصوص لوگوں کے ذریعے کی جائے گی، قابل قبول نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اتنا کمزور ملک نہیں کہ یکطرفہ بحث شروع کر دی جائے اور باقی سب کو اسے تسلیم کرنے یا خاموش رہنے پر مجبور کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے قیام سے متعلق بحث شروع ہونے کے بعد نہ کسی وزیر، نہ وزیراعظم اور نہ ہی کسی دوسرے سیاسی اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کی گئی۔ بحث ضرور ہونی چاہیے لیکن اس وقت بنیادی مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی، جبکہ وہ اسی جانب توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر نظام گر چکا ہے تو کیا اس پر بات کرنے کا حق صرف مخصوص لوگوں کو حاصل ہے؟ کیا پی سی بی چیئرمین کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کہیں کہ نظام گر چکا ہے؟ اگر نظام کو دوبارہ ترتیب دینا ہے تو کیا اس کا فیصلہ کرنے کی ذمہ داری پی سی بی کو سونپی گئی ہے؟ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کے پرانے ساتھی رہے ہیں، لیکن جب وہ تنقید کرتے ہیں تو اس کے جواب میں ان کا گھر گرانے کی باتیں سامنے آتی ہیں۔

27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس ترمیم کے ذریعے آئینی عدالت کا قیام ایک تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27ویں ترمیم منظور کروا لی گئی ہے اور وہ اپنے اس مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹ رہے۔ وہ نہ تو 27ویں ترمیم ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں اور نہ ہی آئینی عدالتوں کے خاتمے کے حامی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے موقع پر مولانا فضل الرحمان کے ذریعے اپوزیشن کی تجاویز اور رائے حاصل کی گئی تھی، تاہم 27ویں ترمیم کے معاملے پر اپوزیشن سے رائے نہیں لی جا سکی۔ انہوں نے کہا کہ 27ویں ترمیم کے بعد جج صاحبان کا ردعمل ان کے لیے غیر متوقع تھا۔ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ سے استعفے سامنے نہیں آئے تھے، لیکن 27ویں ترمیم کے بعد جج صاحبان نے استعفے دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف یہ تجویز دی تھی کہ عدلیہ اور وکلا کی رائے بھی لی جائے، اس میں انہوں نے کون سی ریڈ لائن عبور کی ہے؟

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر سیاسی اور جمہوری نظام کو دوبارہ ترتیب دینا ہے تو اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اپوزیشن کو مخصوص نشستیں واپس دی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک تجویز ہے، کوئی ریڈ لائن نہیں۔ اگر حکومت اس تجویز پر عمل نہیں کرنا چاہتی یا اسے سننے کے لیے تیار نہیں تو وہ زبردستی تو کچھ نہیں کر سکتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر نظام میں بہتری کے لیے اقدامات کا آغاز کرنا ہے تو مخصوص نشستوں کی واپسی سے شروعات کی جا سکتی ہے۔ جب یہ مخصوص نشستیں حکومت کے پاس نہیں تھیں تب بھی پیپلز پارٹی اسے سپورٹ کرتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ مخصوص نشستیں نہ بھی ہوں تو کوئی آسمان نہیں گر پڑے گا۔ موجودہ نظام کا بوجھ اٹھانے سے ان کا اپنا سیاسی نقصان ہو رہا ہے، اس کے باوجود وہ آج بھی چاہتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف کامیاب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کی جنگ کے بعد اس کے اثرات دنیا بھر کی معیشت پر مرتب ہوئے ہیں، جبکہ اس وقت عوام کو حکومت سے واحد امید معاشی مسائل کے حل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ کن فیکون کی طاقت صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے، کسی اور کے پاس نہیں۔ اگر کسی کو یہ غلط فہمی ہے کہ صرف فیصلہ سنا دینے سے کوئی چیز وجود میں آ جائے گی تو اس کے نتائج سامنے آئیں گے، جو معاشرے، وفاق، سیاست اور عوام کی زندگیوں پر اثر انداز ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اگر کسی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ فیصلہ کرے اور اس کا فیصلہ نافذ بھی ہو جائے تو پھر ان کی بات پر اتنا ردعمل اور بے چینی کیوں پیدا ہو رہی ہے؟

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر گورنر شپ یا چیئرمین سینیٹ کا عہدہ پیپلز پارٹی کے پاس نہ ہوتا تو کیا اس کی سیاست ختم ہو جاتی؟ انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ اختیار کیے جانے والے رویے کے باوجود وہ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور آج بھی چاہتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف کامیاب ہوں۔

عمران خان سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک سیاستدان بھی ہیں اور قیدی بھی، تو کیا وہ سیاسی قیدی نہیں ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ تسلیم کرنا مشکل ہے کہ ملک کا ہر وزیراعظم چور ہے۔ وہ ایسا دن دیکھنا چاہتے ہیں جب پاکستان کا کوئی وزیراعظم اقتدار میں آئے اور اسے جیل نہ جانا پڑے۔

بلاول بھٹو زرداری نے آخر میں واضح کیا کہ مخصوص نشستوں کی واپسی سے متعلق ان کی بات صرف ایک تجویز ہے، اسے کسی قسم کی ریڈ لائن نہ سمجھا جائے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.