امریکا میں خسرے کی وبا نے گزشتہ تقریباً چار دہائیوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ملک میں خسرے کے کیسز کی تعداد 7 ہزار 700 سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ اس بیماری کے باعث 13 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ خسرے کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث امریکا کو خسرے سے پاک ملک کا درجہ بھی کھونا پڑا ہے۔

امریکی صحت عامہ کے ماہرین کے مطابق بچوں میں ویکسینیشن کی شرح میں مسلسل کمی خسرے کے دوبارہ پھیلاؤ کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ اس صورت حال میں وزیرِ صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کی ویکسین سے متعلق پالیسیوں اور بیانات پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کینیڈی ماضی میں ویکسین کی افادیت اور حفاظت کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
امریکی ریاست یوٹاہ میں خسرے کی وبا کا آغاز جون 2025 میں ایک مذہبی برادری سے ہوا، جہاں ویکسینیشن کے حوالے سے تحفظات پائے جاتے تھے۔ ابتدا میں محدود رہنے والا وائرس بعد ازاں ریاست کے دیگر علاقوں تک پھیل گیا اور مختلف عوامی مقامات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
جنوری 2026 میں سالٹ لیک سٹی کے قریب ایک ہائی اسکول کے کھیلوں کے مقابلے میں شریک نوجوان میں خسرے کی تشخیص ہوئی۔ اس کے بعد قریبی باسکٹ بال میچ، چرچ کی تقریب، دکانوں اور بچوں کی نگہداشت کے مراکز میں بھی وائرس کے پھیلاؤ کے واقعات سامنے آئے۔
وبا کے دوران یوٹاہ کے محکمہ صحت نے وفاقی ادارے بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مرکز سے معاونت کے لیے رابطہ کیا تھا۔ ریاستی حکام نے متاثرہ علاقوں میں ماہرین کی تعیناتی اور مقامی طبی عملے کے ساتھ مل کر صورت حال کا جائزہ لینے پر بھی بات چیت کی، تاہم باضابطہ طور پر ہنگامی امداد کی درخواست جمع نہیں کرائی گئی۔
ریاستی حکام کے مطابق وفاقی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا گیا، لیکن صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد ہنگامی معاونت حاصل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق یوٹاہ میں 2025 کے دوران بچوں کی سات تجویز کردہ ویکسینز حاصل کرنے کی شرح 2.4 فی صد پوائنٹس کم ہوکر 69.6 فی صد رہ گئی۔ اسی طرح خسرہ، ممپس اور روبیلا سے بچاؤ کی مشترکہ ویکسین کی پہلی خوراک حاصل کرنے والے بچوں کی شرح بھی کم ہوکر 86.6 فی صد ہوگئی۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ خسرے کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آبادی کے کم از کم 95 فی صد حصے کو ویکسین کی دو خوراکیں ملنا ضروری ہیں۔
امریکی ریاستوں اور نیویارک شہر کے ویکسینیشن ڈیٹا کے تجزیے سے بھی بچوں کی ویکسینیشن میں کمی کا رجحان سامنے آیا ہے۔ 2025 میں 13 ریاستوں اور نیویارک شہر میں کم عمر بچوں کی سات تجویز کردہ ویکسینز حاصل کرنے کی اوسط شرح میں 1.1 فی صد پوائنٹس کمی ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ کم از کم چھ برس میں سب سے بڑی سالانہ کمی ہے۔
کولوراڈو میں ویکسینیشن کی شرح 3.6 فی صد پوائنٹس کمی کے بعد 71.4 فی صد جبکہ نیویارک شہر میں 3 فی صد پوائنٹس کمی کے بعد 61 فی صد رہ گئی۔ 2026 کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سات میں سے پانچ علاقوں میں ویکسینیشن کی شرح مزید کم ہوئی ہے۔
دوسری جانب صحت عامہ کے شعبے کے لیے وفاقی فنڈنگ میں کمی نے بھی ویکسینیشن پروگراموں کو متاثر کیا ہے۔ مقامی محکمہ صحت کے متعدد اداروں کو مالی وسائل میں کمی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث بعض مقامات پر ویکسینیشن پروگرام محدود کرنے، عملے کی تعداد کم کرنے اور نئی بھرتیاں روکنے جیسے اقدامات کیے گئے۔
یوٹاہ کے گورنر اسپینسر کاکس کو بھی وبا کے دوران ویکسینیشن کی اہمیت پر عوامی سطح پر بھرپور آگاہی نہ دینے پر تنقید کا سامنا ہے۔ انہوں نے ماضی میں کورونا ویکسین لگوانے کی حمایت کی تھی اور ویکسین مخالف بیانات پر بھی تنقید کی تھی، تاہم خسرے کی وبا کے دوران ان کی جانب سے ویکسینیشن کی حمایت میں پہلے جیسا مؤقف سامنے نہیں آیا۔
وزیرِ صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے خسرے سے بچاؤ کے لیے استعمال ہونے والی مشترکہ ایم ایم آر ویکسین کو تین الگ انجیکشنز میں تقسیم کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کینیڈی نے اگست میں اس حوالے سے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا۔ تاہم دوا ساز کمپنیوں کے مطابق اس تبدیلی پر عمل درآمد میں کئی سال لگ سکتے ہیں اور اس سے بچوں کے موجودہ ویکسینیشن شیڈول میں بھی تبدیلی کرنا پڑے گی۔
کینیڈی کی جانب سے خسرے کو بچوں کی معمول کی بیماری قرار دینے اور قدرتی طور پر وائرس سے متاثر ہوکر قوت مدافعت حاصل کرنے سے متعلق بیانات پر بھی طبی ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق خسرہ انتہائی متعدی بیماری ہے اور بعض صورتوں میں جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں نمونیا، بینائی اور سماعت کے مسائل سمیت کئی سنگین پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔
امریکی صحت عامہ کے سابق حکام نے خبردار کیا ہے کہ ویکسینیشن میں کمی اور وبا سے نمٹنے کے لیے وفاقی سطح پر مؤثر قیادت کا فقدان مستقبل میں مزید مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق صحت عامہ کے نظام کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔
تاہم امریکی محکمہ صحت کی ترجمان نے اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ خسرے کے دوبارہ پھیلاؤ کا ذمہ دار صرف وزیرِ صحت کینیڈی کو قرار دینا درست نہیں، کیونکہ بچوں میں ویکسینیشن کی شرح کم ہونے کا رجحان ان کے عہدہ سنبھالنے سے کئی سال پہلے شروع ہوچکا تھا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرِ صحت نے خسرے سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کی حوصلہ افزائی کی ہے اور وبا پر قابو پانے کے لیے ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے 2000 میں ملک کے اندر خسرے کے مسلسل پھیلاؤ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد کئی برس تک امریکا کو خسرے پر قابو پانے میں کامیاب ممالک میں شمار کیا جاتا رہا۔ تاہم مختلف ریاستوں میں ایک سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی وبا کے بعد پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن نے امریکا سے خسرے سے پاک ملک کا درجہ واپس لے لیا، جسے ملک کے صحت عامہ کے نظام کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔



