ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے علاقائی تعاون، روابط کے فروغ اور اقتصادی انضمام کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ’’مستحکم ای سی او کے لیے علاقائی احیا‘‘ کے عنوان سے پاکستان کی ترجیحات کو بھی اجاگر کیا اور 2027 میں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کے عزم کا اعادہ کیا۔
صبا قمر دسمبر میں شادی کرنے والی ہیں؟ اداکارہ کا ردعمل سامنے آگیا
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے ذریعے علاقائی تعاون، روابط کے فروغ اور اقتصادی انضمام کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2027 میں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
دوسری جانب ڈاکٹر اسد مجید خان نے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے بہترین انتظامات اور پاکستان کی جانب سے مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے پاکستان کو تنظیم کی آئندہ صدارت اور 2027 میں وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس اور سربراہی اجلاس کی میزبانی پر مبارکباد پیش کی۔
ای سی او کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ پیش رفت علاقائیت اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ میں پاکستان کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ای سی او سیکرٹریٹ کے درمیان قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے، طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے اور علاقائی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔



