وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین میں اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل امریکی جریدے نیویارک پوسٹ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چین کے شہر شینزن میں جمعرات کو تینوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات متوقع ہے۔
محسن نقوی دیے گئے اسائمنٹ پر کام کرتے ہیں: ایاز صادق
نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق امور پر بات چیت متوقع ہے، جبکہ شمالی کوریا، یوکرین اور ایران کی صورتحال بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات میں جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملے پر بات چیت ہوگی، تاہم امریکی حکام کے مطابق اس متوقع ملاقات کے دوران کسی معاہدے پر پہنچنے کی توقع نہیں ہے۔
امریکا، چین اور روس کے صدور کے درمیان متوقع اس ملاقات کا موازنہ 1945 میں دوسری جنگ عظیم کے اختتام کے بعد ہونے والی یالٹا کانفرنس سے کیا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس میں امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور روسی رہنما جوزف اسٹالن نے شرکت کی تھی، جس میں یورپ کی نئی سرحدی حد بندیوں پر اتفاق کیا گیا تھا۔
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کے درمیان متوقع ملاقات کو یالٹا کانفرنس سے جوڑتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شینزن میں ہونے والی یہ ملاقات 21ویں صدی کے لیے یالٹا طرز پر ’’عالمی اثر و رسوخ کے دائروں کی نئی تقسیم‘‘ کا معاہدہ ثابت ہوسکتی ہے۔



