Gas Leakage Web ad 1

بشریٰ بی بی اور عمران خان کی بہنوں کی رہائی ممکن ہے، رانا ثنا اللہ کا اہم بیان

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کرنا چاہتی، پی ٹی آئی سے بیک ڈور رابطوں کی بھی تردید کردی۔

0

لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی زیرحراست بہنوں کی رہائی ممکن ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں نظر بند افراد کو بھی رہا کیا جاسکتا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بیک ڈور رابطوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگوں کے ساتھ کبھی کبھار دعا سلام ضرور ہوجاتی ہے، تاہم حکومت کو کسی قسم کا خطرہ نہیں۔

نئی سیاسی تبدیلی اور ممکنہ سیاسی انتظام سے متعلق خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں افواہیں پھیلانے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ بعض لوگ ہر وقت اپنی سی وی لے کر بیٹھے رہتے ہیں اور خود کو بہترین متبادل سمجھتے ہیں، تاہم اس میں کوئی برائی نہیں۔

چوہدری سالک حسین کے الزامات پر ردعمل

رانا ثنا اللہ نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں مبینہ کرپشن کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود تسلیم کیا ہے کہ ان کے پاس الزامات کے کوئی ثبوت نہیں۔ ان کے بقول اگر کسی کے پاس کرپشن کے شواہد موجود ہیں تو انہیں سامنے لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری سالک حسین کو چیلنج کیا ہے کہ وہ ایک روپے کی کرپشن ثابت کرکے دکھائیں۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق چوہدری سالک حسین پنجاب حکومت کے لیے کوئی خطرہ یا چیلنج نہیں ہیں۔

پنجاب حکومت کے طیارے کی خریداری کا دفاع

وزیراعظم کے مشیر نے پنجاب حکومت کی جانب سے طیارہ خریدنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جہاز صوبائی حکومت نے اپنے اکاؤنٹ سے خریدا ہے اور اب یہ پنجاب حکومت کا اثاثہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے یہ طیارہ اپنی ذات کے لیے نہیں خریدا بلکہ دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے پاس بھی طیارے موجود ہیں۔

12 صوبے بنانے کی خبروں پر وضاحت

رانا ثنا اللہ نے 12 صوبے بنانے سے متعلق خبروں کو قیاس آرائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے صوبے بنانے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے۔ ان کے مطابق اس حوالے سے نہ کابینہ میں کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی پارلیمنٹ میں ایسی تجویز پیش کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتی اور خواہش رکھتی ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کوششوں میں نئے انتظامی سیٹ اپ کی مدد کریں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.