پاکستان ریلوے میں کرپشن کے خاتمے اور مالیاتی شفافیت کے لیے وفاقی حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت محکمہ میں پہلی بار آزاد آڈٹ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے مالیاتی شفافیت اور احتساب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے مالی سال 2025-26 کے مالیاتی گوشواروں کا بین الاقوامی معیار آئی ایف آر ایس کے تحت آزاد آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت ریلوے کے مطابق مالیاتی گوشواروں کے آڈٹ کے لیے عالمی معیار کی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کا انتخاب مکمل میرٹ اور پیپرا قوانین کے مطابق کیا جائے گا۔
آڈٹ فرم کے انتخاب سمیت تمام کارروائی ای پیڈز پورٹل کے ذریعے مکمل کی جائے گی تاکہ پورے عمل میں شفافیت اور نگرانی یقینی بنائی جاسکے۔
وزارت کے مطابق سرکاری اداروں میں مالیاتی نظم و ضبط مضبوط بنانے کے لیے اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز ایکٹ 2023 کے تحت بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے واضح کیا کہ آزاد آڈٹ رپورٹ کو رسمی کارروائی تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اس کی بنیاد پر سخت فیصلے کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ادارے کے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا اور بدعنوانی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خود ریلوے کی کارکردگی اور معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں اور حکومت کا مقصد ادارے کو مالی طور پر خودمختار بنانا ہے، جس سے وسائل کے بہتر استعمال اور ادارے کو مضبوط و مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔



