پاکستان فٹبال فیڈریشن اور ایران فٹبال فیڈریشن نے یوتھ فٹبال اور فٹسال کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔

معاہدے پر 18 اکتوبر کو باکو میں پی ایف ایف صدر سید محسن گیلانی اور ایرانی فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے دستخط کیے۔ مقصد کھلاڑیوں، کوچز اور تکنیکی عملے کے لیے تربیت، تجربات کے تبادلے اور بین الاقوامی مقابلوں کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت نوجوان ٹیموں کے دوستانہ میچز، مشترکہ تربیتی کیمپس، دعوتی ٹورنامنٹس، ٹیلنٹ کی تلاش، اکیڈمیز کی ترقی، کوچز کی تربیت، اسپورٹس سائنس اور میڈیسن میں تعاون ہوگا۔
فٹسال میں بھی قومی ٹیموں کے کیمپس، دوستانہ میچز، کوچنگ اور ریفری کورسز کا انعقاد ہوگا، ایرانی فٹسال کوچز کی پاکستان میں خدمات اور فٹسال لیگز کے انعقاد میں ایرانی تجربے سے فائدہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی مردوں اور خواتین کی قومی فٹسال ٹیموں کی کوچنگ پہلے ہی ایرانی ماہرین علی ایمانی اور فاطمہ شریف نغابی کے پاس ہے۔ یہ تعاون تین سال کے لیے ہوگا۔



