اسلام آباد: پاکستان کے سرکاری قرضوں میں 10 سال کے دوران 340 فیصد کے تاریخی اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ میں قرضوں میں اضافے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10 سال کے دوران سرکاری قرضوں میں 67 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سرکاری قرضوں کا حجم 86 ہزار 700 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ جون 2016 تک سرکاری قرضے 19 ہزار 700 ارب روپے تھے۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت دوسری قسط کی وصولی آج سے شروع
وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جون 2026 تک سرکاری قرضوں کا حجم 86 ہزار 700 ارب روپے رہا، جس میں مقامی قرضہ 59 ہزار 400 ارب روپے اور غیر ملکی سرکاری قرضہ 27 ہزار 300 ارب روپے تھا۔ جون 2016 تک سرکاری قرضوں کا حجم 19 ہزار 700 ارب روپے تھا، جس میں مقامی قرضہ 13 ہزار 600 ارب اور غیر ملکی سرکاری قرضہ 6 ہزار 100 ارب روپے شامل تھا۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ جون 2017 تک مجموعی سرکاری قرضہ 21 ہزار 400 ارب روپے جبکہ جون 2018 تک بڑھ کر 24 ہزار 900 ارب روپے ہوگیا تھا۔
اسی طرح جون 2019 تک مجموعی سرکاری قرضے کا حجم 32 ہزار 700 ارب روپے اور جون 2020 تک 36 ہزار 400 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ جون 2021 تک سرکاری قرضہ مزید بڑھ کر 39 ہزار 900 ارب روپے ہوگیا تھا۔



