وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنریبلٹیز کے تحت وفاقی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ جاری کردی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی اداروں میں مجموعی طور پر تقریباً 400 اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن میں سے 146 اقدامات 2 سال میں مکمل کیے جائیں گے، جبکہ 159 اصلاحاتی اقدامات پر 5 سال کے دوران عمل درآمد کیا جائے گا۔ رپورٹ میں بدعنوانی کے ممکنہ خطرات کی نشان دہی کرکے ان کی روک تھام کے لیے اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گڈ گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے متعدد اقدامات شروع کیے ہیں۔ اداروں میں بدعنوانی کے امکانات اور انتظامی کمزوریوں کی نشان دہی کے لیے ایک جامع قومی جائزہ مکمل کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنریبلٹیز کے تحت وفاقی اداروں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ وزارت قانون و انصاف نے مختلف اداروں کے تعاون سے ایک جامع رپورٹ مرتب کی ہے۔ یہ رپورٹ کسی ادارے کے خلاف چارج شیٹ نہیں بلکہ اصلاحات اور بہتری کے لیے ایک حفاظتی اور انتظامی اقدام ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ رپورٹ کا مقصد وفاقی اداروں میں شفافیت، میرٹ اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔ رپورٹ میں بدعنوانی کے ممکنہ امکانات کی نشان دہی کرکے ان کی روک تھام کے لیے اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ قومی جائزے کے تحت 25 وفاقی اداروں کا انتخاب کیا گیا، جبکہ 10 اداروں کے حوالے سے تفصیلی انڈیکیٹرز مرتب کیے گئے۔ جائزے میں آڈٹ رپورٹس، تحقیقاتی اداروں کے ڈیٹا اور ریگولیٹری اتھارٹیز کے کردار کو بھی شامل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ خود احتسابی کے تحت وفاقی اداروں کی کمزوریوں کی نشان دہی کا جامع عمل شروع کیا ہے۔ یہ رپورٹ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کی جائے گی، جبکہ صوبے بھی اس طریقہ کار سے استفادہ کرسکیں گے۔ ان کے مطابق 300 سے زائد انڈیکیٹرز کی بنیاد پر اداروں کی کارکردگی، مالیاتی نظام اور انتظامی کمزوریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں معاہدوں پر نظرثانی اور اصلاحات کے ذریعے 3500 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ پی آئی اے کی اوپن آکشن اور مسابقتی بولی کے ذریعے نجکاری کا عمل مکمل کیا گیا ہے، جبکہ غیر ضروری سرکاری اداروں کا حجم کم کرنے کے لیے رائٹ سائزنگ کا عمل جاری ہے۔ پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کرکے اس کے ملازمین کے لیے پیکج بھی مرتب کیا گیا ہے۔
وزیر قانون نے بتایا کہ پاسکو کی بندش کا عمل جاری ہے اور اس حوالے سے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ نوجوانوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے 3200 ارب روپے کا مالیاتی پیکج متعارف کرایا گیا ہے، جس پر پیش رفت کی نگرانی وزیراعظم خود کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متوسط طبقے کے لیے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، جبکہ ایف بی آر میں ٹیکس وصولیوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ گزشتہ 4 سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں تقریباً 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ ٹیکس وصولیوں کا حجم 9400 ارب روپے سے بڑھ کر تقریباً ساڑھے 13 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ٹیکس نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ کسٹمز میں شکایات کے ازالے کے لیے فیس لیس سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ انسانی مداخلت اور صوابدیدی اختیارات کم کرنے کے لیے ایف بی آر کے آڈٹ نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس ٹربیونلز میں تقرریوں کا عمل میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کیا گیا ہے۔ ٹیکس ٹربیونلز میں تقرریوں کے لیے وزیراعظم نے اپنا صوابدیدی اختیار چھوڑ دیا تھا، جبکہ چیف جسٹس پاکستان، فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور آزاد مالیاتی ماہرین کی مشاورت سے تقرریاں کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کے نتیجے میں ٹیکس ٹربیونلز کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اور بدعنوانی سے متعلق شکایات میں کمی ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے بتایا کہ پاکستان ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کے تحت ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کردی گئی ہے، جبکہ وفاقی حکومت پیپر لیس نظام پر منتقل ہوچکی ہے اور ای آفس کے ذریعے سرکاری امور انجام دیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے کاغذی کارروائی، انسانی صوابدید اور نقد لین دین کے نظام کو کم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ ایف بی آر، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان ریلوے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سمیت متعدد اداروں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سوئی ناردرن اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے مالیاتی معاملات اور انتظامی کمزوریوں کو بھی جائزے میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اداروں میں اختیارات کے غلط استعمال اور مالیاتی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے سخت چیک اینڈ بیلنس ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیکس دہندگان کی تعداد 37 لاکھ سے بڑھ کر 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں 21 لاکھ سے زائد اسمارٹ میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں۔ موٹرویز پر ٹول ٹیکس کی وصولی کا نظام مکمل طور پر الیکٹرانک کیا جا رہا ہے، جبکہ پنشن نظام میں شفافیت لانے کے لیے نادرا کے ذریعے تصدیقی عمل شروع کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین کو ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل والٹس متعارف کرائے گئے ہیں۔ سبسڈی کی ادائیگی کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کے بجائے ڈیجیٹل والٹس کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں فیول سبسڈی اسکیم کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون نے بتایا کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین کے اثاثوں کے گوشوارے ظاہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی اداروں میں مجموعی طور پر تقریباً 400 اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن میں سے 146 اقدامات 2 سال میں مکمل کیے جائیں گے، جبکہ 159 اقدامات پر 5 سال کے دوران عمل درآمد ہوگا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 91 اصلاحاتی اقدامات طویل مدتی قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر مشتمل ہیں۔ ان اصلاحات میں میرٹ کی بنیاد پر تقرریاں، ڈیجیٹل نظام کا فروغ اور وفاقی اداروں کے درمیان معلومات کا تبادلہ شامل ہے۔ سرکاری خریداریوں کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ای پیڈز کے ذریعے نگرانی کا عمل مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ سرکاری اداروں کی ذمہ داریوں کا واضح تعین اور مؤثر نگرانی کا نظام بھی اصلاحاتی پیکج کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اصلاحاتی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جا رہی ہے۔ اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمد کی پیش رفت وقتاً فوقتاً عوام کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔ حکومت اداروں کی کمزوریوں کی نشان دہی کے لیے خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ خود احتسابی اور شفافیت کو مدنظر رکھا ہے اور وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر رسک اسیسمنٹ رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے چند ادارے بند کیے گئے ہیں، کیونکہ ان اداروں میں بدعنوانی کی شرح بہت زیادہ تھی۔ حکومت تمام شعبوں میں شفافیت اور ڈیجیٹائزیشن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے ہیں اور غیر ضروری اداروں کو بند کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ڈھائی سال کے دوران کیے گئے اقدامات کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی، پاسکو اور یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش شفافیت کی مثال ہے۔



