کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے عمرہ زائرین کے لیے نادرا سے منسلک ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دینے کی ڈیڈ لائن مؤخر کرنے کی سفارش کردی۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر محمد قاسم کی جانب سے ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ ہیلتھ آفس کے 7 ستمبر کے خط کے مطابق 14 ستمبر (پیر) سے بین الاقوامی مسافروں کے لیے نادرا سے مربوط ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دیا جانا تھا۔ اس مقصد کے لیے صرف ایک ڈسپنسری کی سہولت مختص کی گئی ہے۔
نئی آٹو پالیسی کی منظوری آئی ایم ایف سے مشاورت سے مشروط، مزید التوا کا امکان
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی عوامی صحت کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے، تاہم مناسب پیشگی اطلاع، آپریشنل ہم آہنگی اور مختلف اداروں کے درمیان مطلوبہ رابطے کے بغیر اس ہدایت پر عمل درآمد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سنگین انتظامی اور آپریشنل خطرات پیدا کرسکتا ہے۔
خط کے مطابق 7 ستمبر کو ہونے والے فنکشنل کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں بھی متعلقہ فریقوں نے اس ہدایت پر عمل درآمد کی صورت میں پیدا ہونے والے خدشات سے آگاہ کیا تھا، جبکہ چیئرمین ایئرپورٹ آپریشنز کمیٹی کی جانب سے 11 ستمبر کو بھی ان خدشات پر مناسب غور کرنے کی درخواست کی گئی۔
14 ستمبر سے نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر بین الاقوامی سفر کی اجازت نہیں ہوگی
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے سفارش کی ہے کہ ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دینے کی ڈیڈ لائن کم از کم یکم اکتوبر 2026 تک مؤخر کی جائے تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مسافروں کے لیے قابل عمل اور مؤثر طریقہ کار کو حتمی شکل دی جاسکے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزارت صحت کے ماتحت اتھارٹی نے صرف کراچی ایئرپورٹ سے عمرہ پر جانے والے مسافروں کے لیے پولیو کے علاوہ اضافی ویکسینیشن کی شرط عائد کردی ہے، جس سے نہ صرف عمرہ زائرین بلکہ ایئرلائنز کے لیے بھی مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔