اسلام آباد: حکومت نے تاجروں کے لیے ریٹیلر اسکیم ایپ لانچ کردی۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ریٹیلر اسکیم ایپ کا آج سے باقاعدہ اجرا کردیا گیا ہے اور یہ اسکیم ایپ تاجروں کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے۔
بیرسٹر سیف کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات، پی ٹی آئی اور دیگر امور سےمتعلق گفتگو
انہوں نے کہا کہ ریٹیلر اسکیم ایپ ان دکانداروں کے لیے بھی ہے جو ابھی تک ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں۔ ریٹیلر اسکیم ایپ کے ذریعے دکاندار فائلر بن سکیں گے جبکہ چھوٹے دکاندار موبائل فون ایپ کے ذریعے ٹیکس ریٹرن فائل کرسکیں گے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اس اسکیم کے ذریعے پوائنٹ آف سیلز سے استثنیٰ دیا جائے گا، چھوٹے دکانداروں کو کم از کم 25 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے، تاجروں کو گرین پلیٹ جاری کی جائے گی اور جس دکان پر گرین پلیٹ لگی ہوگی وہاں ایف بی آر افسر داخل نہیں ہوگا۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ایپ میں رجسٹرڈ دکانداروں کی سیل پر ایک فیصد ٹیکس ہوگا۔ ستمبر کے پہلے ہفتے تک یہ ایپ مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگی۔ اس اسکیم سے لاکھوں تاجر ٹیکس نیٹ میں آئیں گے اور اگر یہ اسکیم کامیاب ہوئی تو سیلری کلاس پر بوجھ کم ہوگا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلری کلاس کے لیے بھی ریٹرن کو آسان بنایا جارہا ہے اور تنخواہ دار طبقے کا ٹیکس ریٹرن فارم سادہ کیا جائے گا۔