نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جب قوم یکجا ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کر سکتی، جبکہ معرکہ حق میں قوم کا اتحاد پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا۔
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے ویڈیو بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ آج کا دن قومی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف کیلنڈر کی ایک تاریخ نہیں بلکہ جرات، اتحاد اور غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم کو متحد ہونے پر زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔
دو طرفہ اسپورٹس مقابلوں کیلئے بھارتی ٹیمیں پاکستان نہیں جائیں گی: بھارتی وزارتِ کھیل
وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ عوام، مسلح افواج کے بہادر افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کے بقول جب پوری قوم متحد ہو جائے تو کوئی طاقت اس کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں قومی اتحاد نے کلیدی کردار ادا کیا اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا گیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے حقِ دفاع کا استعمال کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا متوازن اور مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جنگی طیاروں سمیت مختلف عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور دنیا کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے فعال سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بھارت کی جانب سے جارحیت مسلط کی گئی، تاہم پاکستان نے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر سمیت بنیادی تنازعات کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں ہے، جبکہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
اسحاق ڈار نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور قومی سلامتی کو درپیش ہر خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معیشت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی مزید مضبوط ہو کر ابھرے گا۔