Gas Leakage Web ad 1

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا آج رات سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کا اعلان

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے آج رات سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کا اعلان کر دیا۔

Gas Leakage Web ad 2

وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بجلی کی صورتحال سے متعلق آگاہ کرنا ضروری ہے، لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو ہونے والی تکلیف پر وہ معذرت خواہ ہیں، اور حکومت نے ہمیشہ عوام کو اندھیروں سے نکالنے کی کوشش کی ہے۔

پنجاب حکومت کا پلاسٹک تھیلے استعمال کرنے پر کارروائی کا فیصلہ

اویس لغاری نے اعلان کیا کہ آج رات سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کی جائے گی اور گزشتہ رات سے صورتحال میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حیدرآباد اور کے الیکٹرک کے لیے لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی، جبکہ کے الیکٹرک نیشنل گرڈ سے ریکارڈ 2100 میگاواٹ بجلی حاصل کر رہا ہے۔ ان کے مطابق اس وقت ملک کو 4 ہزار میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے جس کی وجوہات میں آبنائے ہرمز کی ناکا بندی کے باعث گیس کی عدم فراہمی اور پن بجلی کی پیداوار میں 1600 میگاواٹ کی کمی شامل ہے۔

وفاقی وزیر پاور نے کہا کہ ملک میں سولر اور قابل تجدید توانائی کو فروغ دیا گیا ہے تاہم ایل این جی کی معطلی سے فیول میں قلت پیدا ہوئی ہے۔ ان کے مطابق پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث تقریباً 1600 میگاواٹ کی شارٹج ہے جبکہ ایل این جی نہ ملنے سے 3000 میگاواٹ سے زائد بجلی کی قلت پیدا ہوئی۔

اویس لغاری نے بتایا کہ اپریل میں بجلی کی طلب 9 ہزار سے 20 ہزار میگاواٹ کے درمیان رہی اور جب طلب ساڑھے 16 ہزار میگاواٹ سے اوپر جاتی ہے تو لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پن بجلی کی پیداوار بڑھنے سے لوڈشیڈنگ میں کمی آ جائے گی، اور خلیجی صورتحال کے بعد گیس کی عدم دستیابی نے بھی بجلی بحران میں اضافہ کیا ہے۔ ان کے مطابق شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 1400 میگاواٹ بجلی فرنس آئل سے پیدا کی جا رہی ہے اور بجلی بحران کی وجہ عارضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ڈھائی گھنٹے لوڈشیڈنگ کا اعلان بجلی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے کیا گیا تھا، جبکہ بجلی کی کمی میں ہر ایک ہزار میگاواٹ کی کمی ایک گھنٹے کی اضافی لوڈشیڈنگ کا باعث بنتی ہے۔ صنعتی شعبے کے لیے بھی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

اویس لغاری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگرچہ نیپرا کے مطابق اکنامک لوڈشیڈنگ قانونی نہیں، لیکن یہ بعد میں قانونی حیثیت اختیار کر لے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرنس آئل کے استعمال سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ ہو سکتا ہے جو 1 روپے 30 پیسے فی یونٹ تک جا سکتی ہے، اور بجلی بحران کا مکمل خاتمہ ایل این جی کی فراہمی سے مشروط ہے۔

مختلف شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ وزارت توانائی بجلی کی پیداوار بڑھانے میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ پاور ڈویژن کی جانب سے پیک آورز میں روزانہ تقریباً سوا دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.