دفتر خارجہ میں اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کو اقوام متحدہ میں مستقل مندوب جبکہ برطانیہ میں ڈاکٹر فیصل کی جگہ نئے ہائی کمشنر کی نامزدگی کی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ میں 24 اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دے دی ہے۔ کیپٹن ریٹائرڈ عثمان ٹیپو کو برطانیہ میں پاکستان کا ہائی کمشنر نامزد کیا گیا ہے، جو ڈاکٹر فیصل کی جگہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ملک میں جو دہشتگردی واپس آئی ہے اسکے پیچھے پی ٹی آئی ہے: عطا تارڑ
برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل ستمبر میں آمنہ بلوچ کی ریٹائرمنٹ کے بعد سیکریٹری خارجہ کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے بلال احمد کو جنیوا میں پاکستان کے اقوام متحدہ مشن سے سعودی عرب تعینات کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے، جہاں وہ احمد فاروق کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ احمد فاروق اسلام آباد واپس آئیں گے۔ اسی طرح مدثر ٹیپو کو ایران سے ازبکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔
افغانستان کے لیے بھی نئے سفیر کی نامزدگی کی گئی ہے اور ڈاکٹر سید اسد علی گیلانی کو افغانستان میں سفیر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ عبید الرحمٰن نظامانی کو سویڈن میں تعینات کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں تعینات سلمان کو جرمنی اور ثانیہ افضل قاضی کو تھائی لینڈ میں سفیر مقرر کر دیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کو جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کا مستقل نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔
عاصم علی خان کو ناروے میں سفیر، سراج احمد خان کو لاس اینجلس میں قونصل جنرل، اسد شہزاد کو یوگنڈا اور محمد فیصل عبرو کو مونٹریال میں قونصل جنرل تعینات کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خلیل ہاشمی کو چین، علی جاوید کو اٹلی اور عامر آفتاب قریشی کو یونان میں اپنی سرکاری مدت پوری ہونے کے باوجود توسیع دے دی گئی ہے۔