اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے نجی حج ٹور آپریٹرز کے لیے شرائط مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کی کوتاہی کے باعث کوئی عازمِ حج سفر سے محروم ہوا تو متعلقہ کمپنی کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ بروقت عازمینِ حج کی رقوم منتقلی میں ناکام رہنے والے حج ٹور آپریٹرز کا لائسنس بھی منسوخی کی زد میں آئے گا۔
آئی ایم ایف کے مطالبے پر سرکاری ملازمین کے اثاثے پبلک کرنے سے متعلق قانون سازی کرچکے: وزیر خزانہ
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لائسنس منسوخ ہونے کے بعد متعلقہ کمپنی آئندہ حج ٹور آپریٹر کے طور پر کام کرنے کی اہل نہیں رہے گی، جبکہ مالی بے ضابطگی کی صورت میں متعلقہ حج ٹور آپریٹر کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق 15 دسمبر تک مطلوبہ سروسز حاصل نہ کرنے والے آپریٹرز کا بقیہ کوٹہ سرکاری حج اسکیم میں منتقل کر دیا جائے گا، جبکہ عازمینِ حج کے لیے حج اخراجات جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے نجی حج ٹور آپریٹرز کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت حج پیکج کی رقم متعلقہ سعودی اکاؤنٹس میں جمع کرانا لازمی ہوگا، جبکہ منیٰ کی زمین اور رہائشی عمارتوں سے متعلق سروسز 21 دسمبر تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔