اسلام آباد:گورنمنٹ ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول ژوب کے ایک کلرک نے کلاس نہم اور دہم کے طلبہ کی امتحانی داخلہ فیس کی لاکھوں روپے کی رقم آن لائن جوا میں ہار دی۔ پرنسپل وزیر خان نے اس فراڈ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کلرک کے پاس 878 طلبہ کی فیس کے طور پر 23 لاکھ 14 ہزار روپے موجود تھے، جبکہ درخواست کے مطابق یہ رقم 25 لاکھ روپے تھی۔

جب کلرک نے امتحانی فیس جمع کرانے کی بات کی، تو اس نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ رقم جوا کھیل کر ہار دی۔ پرنسپل نے مزید کہا کہ بلوچستان بورڈ میں فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر ہے، اور اگر فیس بروقت جمع نہیں ہوئی تو طلبہ کے داخلے متاثر ہو سکتے ہیں۔
مقامی پولیس نے اطلاع ملنے پر کلرک شہزاد جمال کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
