میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کےمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورا یقین ہے، نوجوان نسل خوشحال، مضبوط اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے ہر شعبے اور محاذ پر قیادت کی صلاحیت رکھتی ہے،پاکستان ایک خوش نصیب ملک ہے کہ اس کی 63 فیصد سے زائد آبادی 15 سے 33 سال کی عمر پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان مایوس نہ ہوں، ہم سب مل جل کر محنت کریں گے اور نوجونوں کے لیے معیاری تعلیم و روزگار کو یقینی بنائیں گے،ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے، جو وعدہ کرتے ہیں وہ پورا بھی کرکے دکھاتے ہیں۔پی پی پی چیئرمین نے نوجوانوں کے عالمی دن کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رواں سال کی تھیم کی حمایت کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان کلائمیٹ چینج سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔