پی ٹی سی ایل گروپ نے 90 ارب 90 کروڑ روپے آمدنی حاصل کی،پی ٹی سی ایلمیں میں2023

0

اسلام آباد۔ :ملک میں ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے معروف ادارے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے 30جون 2023 کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2023کی پہلی ششماہی کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ نے 90 ارب 90 کروڑ روپے آمدنی حاصل کی

۔کمپنی نے اپنی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے اور اپنی انٹیگریٹڈ ٹیلی کام خدمات فراہم کنندہ کی حیثیت سے اپنی پوزیشن کو مستحکم بنانے کا دعوی کیا ہے۔

پاکستان کے مشکل میکرو اکنامک حالات کے باوجود پی ٹی سی ایل گروپ نے پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں اپنی آمدنی میں 26.8 فیصد اضافہ کیا۔ آمدنی میں یہ خاطر خواہ اضافہ بنیادی طور پر فکسڈ براڈ بینڈ، موبائل ڈیٹا، بزنس سلوشنز اور بینکاری خدمات میں مضبوط کارکردگی کی وجہ سے ہوا۔ سال 2022 میں ابھرنے والے میکرو اکنامک چیلنجز کے منفی اثرات 2023 میں بھی کاروباری منظرنامہ کو متاثر کرتے رہے۔

توانائی اور ایندھن کے نرخوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ٹیلی کام آپریٹرز کو کم قیمت پر اپنے صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ایل سی کھلنے میں تاخیر کے باعث آپریٹرز کا توسیعی منصوبے متاثر ہوا ہے۔پہلی سہ ماہی میں روپے کی نمایاں تنزلی، بڑھتی ہو ئی شرح سود اور ٹیلی کام آپریٹرز پر عام کارپوریٹ ٹیکس کے علاوہ اضافی سپر ٹیکس نے منافع کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

ان چیلنجنگ مسائل کے اثرات کو زائل کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے پالیسی سطح پر مداخلت کی ضرورت ہے تاکہ ٹیلی کام شعبے کو درکار ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ پی ٹی سی ایل گروپ کے مالیاتی نتائج کے اہم نکات سے متعلق آگاہ کیا کہ2023 میں پی ٹی سی ایل گروپ کی 90.9ارب روپے کی آمدنی گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 26.8 فیصد زیادہ ہے، گروپ کا منافع دیگر عوامل کے علاوہ خاص طور پر پہلی سہ ماہی میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے متاثر ہوا کیونکہ گروپ کے ذمے اَن ہیج فاریکس ادائیگیاں موجود ہیں۔ گروپ کو 8.5ارب روپے کا خالص نقصان ہوا ہے۔

پی ٹی سی ایل کی سال بہ سال آمدنی میں 17.3فیصد اضافے کے ساتھ اپنی ترقی کے سفر کو جاری رکھا۔پی ٹی ایم ایل (یوفون) کی آمدنی میں گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 22.4فیصد اضافہ ہوا۔یو بینک کی آمدنی میں پچھلے سال اسی مدت کے مقابلے میں 96.5فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پی ٹی سی ایل کے مالیاتی نتائج کے اہم نکات میں پی ٹی سی ایل کی46.9ارب روپے کی آمدنی 2022 ء کے مقابلے میں 17.3فیصد زیادہ ہے جس کی بنیادی وجہ کیریئر اور ہول سیل اور براڈ بینڈ شعبوں میں اضافہ ہے۔

کمپنی نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 57 فیصد اضافے کے ساتھ 2.9ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا ہے اور 6.9روپے کا خالص منافع حاصل کیا ہے۔ غیر آپریٹنگ آمدنی میں اضافے کی وجہ سے کمپنی کے فاریکس پر مبنی وصولیوں پر ہونے والے منافع، اور نیٹ ورک کی اپ گریڈ اور فائبرائزیشن کی وجہ سے متروکہ اثاثوں کو ٹھکانے لگانے پر حاصل منافع نے گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں کمپنی کے خالص منافع میں 34.5فیصد اضافہ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

پی ٹی سی ایل کنزیومر بزنس کی مستحکم کارکردگی کے سلسلہ میں پی ٹی سی ایل کے فکسڈ براڈ بینڈ بزنس میں گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں آمدنی میں 17.2فیصد اضافہ ہوا۔ کمپنی نے صارفین کو غیر معمولی تجربے کی فراہمی اور ملک بھر میں فائبر نیٹ ورک کی جارحانہ توسیع کے ذریعے صارفین کی تعداد میں قابل ذکر اضافہ لاکر اپنے فلیگ شپ ایف ٹی ٹی ایچ برانڈ، ’فلیش فائبر‘ کو مزید مستحکم بنایا جس نے ایف ٹی ٹی ایچ کی آمدن میں 106.5فیصد اضافے کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

آئی پی ٹی وی سیگمنٹ نے بھی سال بہ سال 5.8فیصد اضافہ ظاہر کیا۔ او ٹی ٹی خدمات اور سیلولر آپریٹرز سے سخت مقابلے کی وجہ سے وائس اور وائرلیس کے شعبوں کی آمدنی میں کمی جاری رہی۔ پی ٹی سی ایل بزنس سروسز کے حوالے سےکاروباری خدمات کے شعبے نے آئی پی بینڈوتھ، کلاؤڈ، ڈیٹا سینٹر اور دیگر آئی سی ٹی خدمات کے شعبوں میں مارکیٹ کی اپنی رہنما حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی رفتار کو جاری رکھا۔ پی ٹی سی ایل کے انٹرپرائز کاروبار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 21.1فیصد اضافہ ہوا، جبکہ کیریئر اور ہول سیل کاروبار نے بھی اپنی ترقی کی رفتار کو جاری رکھا اور مجموعی طور پر 34.9فیصد اضافہ حاصل کیا۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں بین الاقوامی وائس آمدنی میں 18.6فیصد اضافہ ہوا ہے۔

موجودہ چیلنجنگ معاشی حالات کے باوجود مجموعی طور پر بزنس سلوشنز کی آمدنی میں سال بہ سال27.4فیصد کی قابل ذکر نمو دیکھنے میں آئی ہے۔قومی ٹیلی کام کیریئر اور پاکستان میں کنیکٹیویٹی نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والا پی ٹی سی ایل گروپ ’ڈیجیٹل پاکستان‘ کی جانب ترقی کاسفر آگے بڑھانے کے لئے جدید ترین حل فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

یہ کام اپنے مضبوط ٹیلی کمیونی کیشن انفراسٹرکچر اور وسیع اقسام کی خدمات کے قیام کے ذریعے سرانجام دیا جاتا ہے اور یہ ملک میں ترقی کی رفتار تیز کرنے اور صارفین کے استعمال میں بہتری لانے کے لئے پرعزم ہے۔ پی ٹی سی ایل نے آئی او ٹی کی معروف مصنوعات، خدمات اور جدت انگیز حل کو پاکستانی مارکیٹ میں پیش کرنے کے لئے ووڈافون (Vodafone) کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔

اس شراکت داری کی بدولت پاکستانی معاشرے میں کنیکٹڈ خدمات کی قبولیت میں بہتری اور کاروباری ڈیجیٹل صلاحیت میں تیزی لانے سے متعلق بلاتعطل آئی او ٹی خدمات کی جامع سہولت حاصل ہوسکیں گی۔ پی ٹی ایم ایل – یوفون کے مالیاتی نتائج کے چیدہ چیدہ نکات کے مطابق اپنی ترقی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، یوفون نے اپنی آمدنی میں سال بہ سال 22.4فیصد کا متاثر کن اضافہ ریکارڈ کیا اور اسکے سبسکرائبر کی تعداد 24.5 ملین ہوگئی ہے۔سال 2023 کی پہلی ششماہی میں نیٹ ورک کو جدید بنانے کی سرگرمیوں کے نتیجے میں یوفون صارفین کے ٹیلی کام خدمات کے استعمال کے تجربے میں بہتری آئی۔

یوفون نے اپنے ان پری پیڈ صارفین کے لیے بہترین ویلیو ڈیٹا رومنگ آفر متعارف کرائی ہے جو سعودی عرب کے مقدس سفر پر روانہ ہوئے۔یوفون تمام اہم مقامات پر اپنے رومنگ پارٹنرز کے ساتھ مختلف ایل ٹی ای مصنوعات متعارف کرکے اپنی آئی آر خدمات کو اپ گریڈ کر رہا ہے۔ کمپنی نے اپنے ڈیجیٹل والٹ ‘یو پیسہ’ کو بھی اپ گریڈ کیا تاکہ اپنے صارفین کو بے مثال سہولت فراہم کرنے اور مالی لین دین کو آسان بنانے کے لیے اپنی ڈیجیٹل ایپ میں QRکوڈ اسکین فیچر متعارف کروایا ہے تاکہ صارفین کو لین دین کے لئے اعلیٰ معیار کی خدمات حاصل ہوں۔ یو بینک کے مالیاتی نتائج میں ایک مشکل میکرو اکنامک صورت حال کے باوجود پی ٹی سی ایل کے مائیکرو فنانس اور برانچ لیس بینکنگ کے ماتحت ادارے یو بینک نے اپنی ترقی کا سفر جاری رکھا ہے اور گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں اسکی آمدنی میں 96.5فیصد اضافہ اور خالص منافع 27.9فیصد بڑھا ہے جبکہ اس نے اپنی مستحکم بیلنس شیٹ کی پوزیشن کو بھی برقرار رکھا۔

بینک اپنے دیہی ریٹیل بینکنگ، کارپوریٹ فنانس اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ، اسلامک بینکنگ، اربن ریٹیل بینکنگ، کارپوریٹ بینکنگ اور ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے ملک کے طول و عرض میں متنوع صارفین کو غیر معمولی خدمات فراہم کرنے کے لئے اپنی وسیع رسائی کو بروئے کار لاتے ہوئے مالی اور سماجی شمولیت کے فروغ کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ کارپوریٹ سماجی ذمہ داریوں کے متعلق کمپنی کا کہنا ہے کہ 2023ء کی پہلی ششماہی کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ نے قومی ٹیلی کام و آئی سی ٹی کمپنی کی حیثیت سے اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لئے مختلف سی ایس آر اقدامات کئے۔

ان اقدامات میں ‘ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے’ کے حوالے سے اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر خون کے عطیات کی مہم چلائی گئی۔ یہ اقدام پی ٹی سی ایل گروپ کے مشترکہ اقدار پیدا کرنے اور معاشرے کو واپس لوٹانے کے مستقل عزم کا نتیجہ ہے۔ یوفون نے پاکستان میں پولیو ایریڈیکیشن اقدام (پی ای آئی) کے ساتھ مشترکہ پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ پولیو ویکسینیشن کے ذریعے لوگوں میں پولیو کے خاتمے کی اہمیت اجاگر کی جائے۔

پی ٹی سی ایل گروپ نے ماہ رمضان کے دوران ایک ہفتہ طویل ایس ایم ایس نشریاتی مہم کا بھی انعقاد کیا تاکہ معاشرے کے انتہائی پسماندہ اور پسے ہوئے طبقات سے ہمدردی، سخاوت اور عطیات کے ذریعے انہیں مدد فراہم کی جائے۔ پی ٹی سی ایل گروپ اپنے غیر متزلزل عزم کو روشن مثال بنانے اور پاکستانی عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے کوشاں ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.