منشیات کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری،
اسلام آباد :▪️اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات (اے این ایف)کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتہ کو ترجمان اے این ایف نے کہا ہے کہ 10 مختلف کارروائیوں میں 94 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کر کے 2 خواتین سمیت 11ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب موٹر سائیکل میں چھپائی گئی 4 کلو 500 گرام ہیروئن برآمد کئی گئی اور دوران کارروائی سرگودھا کا رہائشی ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح حافظ آباد روڈ گجرانوالہ کے قریب گاڑی سے 9 کلو 600 گرام افیون اور 24 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی اور گجرانوالہ کا رہائشی مُلزم گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایم 2 سلیم انٹرچینج سرگودھا کے قریب گاڑی سے 18 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے اور راولپنڈی کی رہائشی دو خواتین سمیت 4 ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔مزید برآں کوٹ لکھپت لاہور میں واقع ڈی ایچ ایل آفس میں دوحہ بھیجے جانے والے پارسل سے 830 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ، برآمدشدہ ہیروئن 155 عدد ڈریس شرٹس میں چھپائی گئی تھی۔اس کے علاوہ الآصف سکوائر، کراچی کے قریب گاڑی سے 14 کلو 600 گرام افیون اور 4 کلو چرس برآمد کر کے نصیر آباد کا رہائشی مُلزم گرفتار کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے حیدرآباد پر واقع ایوب ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سے 4 کلو آئس برآمد کی گئی اور دوران کارروائی مٹیاری کے رہائشی دو ملزمان بھی گرفتار ہوئے ہیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق مچنی چیک پوسٹ طورخم کے قریب گاڑی کی ڈگی سے 5 کلو آئس برآمد کر کے خیبر کا رہائشی مُلزم منشیات طورخم سے پشاور اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کر لیا گیا۔
لنڈی کوتل کے قریب افغان باشندے کے قبضے سے 1 کلو آئس اور باجوڑ کے علاقے خار کے قریب سمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 3 کلو 500 گرام آئس ، سندنہ خیبر کے قریب غیر آباد علاقے سے 4 کلو 800 گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔