گوادر: پاکستان نے بحری تجارت اور لاجسٹکس کے شعبے میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے گوادر بندرگاہ پر پہلی مرتبہ بین الاقوامی بحری جہاز کو ایندھن فراہم کرنے (بنکرنگ) کا آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔
نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC) نے عالمی توانائی کمپنی ویٹول (Vitol) کے اشتراک سے یہ تاریخی آپریشن انجام دیا، جس کے دوران متحدہ عرب امارات کے ملکیتی ایل این جی بردار جہاز اینوگو (ENUGU) کو بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے معیار کے مطابق 2,500 میٹرک ٹن ویری لو سلفر فیول آئل (VLSFO) فراہم کیا گیا۔
اس آپریشن میں استعمال ہونے والا اعلیٰ معیار کا بحری ایندھن مقامی کمپنی سینرجیکو پی کے لمیٹڈ (Cnergyico PK Limited) نے اپنی ریفائنری میں تیار کیا، جو بین الاقوامی معیار کے مطابق بحری ایندھن تیار کرنے کی پاکستان کی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیشرفت پاکستان میں بحری جہازوں کو ایندھن کی فراہمی کے ایک مضبوط اور جدید نظام کے قیام کی جانب اہم قدم ہے، جس سے گوادر بندرگاہ کی عالمی سطح پر اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
اس کامیاب آپریشن کے بعد گوادر بندرگاہ بین الاقوامی بحری جہازوں کے لیے ایندھن کی فراہمی کے ایک قابلِ اعتماد اور اسٹریٹجک مرکز کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔ خطے میں جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے باعث روایتی بحری راستوں اور ری فیولنگ مراکز کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں گوادر عالمی بحری تجارت کے لیے ایک محفوظ، مؤثر اور متبادل بندرگاہ کے طور پر نئی معاشی اور تجارتی امکانات پیدا کر سکتا ہے۔