ایئربس نے مسلسل 24 گھنٹے 24 منٹ پرواز کرکے عالمی ریکارڈ قائم کرلیا
اے 350-1000 یو ایل آر طیارے نے آسٹریلیا سے فرانس تک 23 ہزار 155 کلومیٹر کا فاصلہ بغیر رکے طے کیا، گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
ہوا بازی کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہوگیا، یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئربس کے جدید طیارے اے 350-1000 یو ایل آر نے مسلسل 24 گھنٹے اور 24 منٹ پرواز کرکے دنیا کی طویل ترین پرواز کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

24 نیوز کے مطابق طیارے نے آسٹریلیا سے فرانس تک 23 ہزار 155 کلومیٹر کا فاصلہ بغیر کہیں رکے طے کیا، جس پر اسے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا۔
ایئربس کے مطابق یہ تاریخی پرواز 27 جولائی 2026 کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے شروع ہوئی اور 28 جولائی کو فرانس کے شہر ٹولوز میں اختتام پذیر ہوئی۔
پرواز کے دوران طیارے نے بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس عبور کیے، شمالی امریکا سے گزرتے ہوئے یورپ پہنچا۔ اس ریکارڈ کی تصدیق انٹرنیشنل ایئروناٹیکل فیڈریشن نے طیارے کے ڈیٹا اور فلائٹ ریڈار 24 کی مدد سے کی۔
اس سفر کی ایک دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ طیارے میں سوار عملے نے تین براعظموں اور دو سمندروں کے اوپر سے گزرتے ہوئے دو مرتبہ سورج کو غروب ہوتے اور دو مرتبہ طلوع ہوتے دیکھا۔
طیارے میں مجموعی طور پر 13 افراد سوار تھے، جن میں ایئربس اور آسٹریلوی فضائی کمپنی کنٹاس کے پائلٹس، انجینئرز اور عالمی فضائی تنظیم کا ایک نمائندہ شامل تھا۔
یہ پرواز پراجیکٹ سن رائز کے تحت طیارے کی آزمائشی مہم کا حصہ تھی۔ ایئربس نے یہ خصوصی طیارہ آسٹریلوی فضائی کمپنی کنٹاس کے لیے تیار کیا ہے، جس کا مقصد دنیا کے طویل ترین فضائی روٹس پر مسافروں کو بغیر کسی ٹرانزٹ کے منزل تک پہنچانا ہے۔
ایئربس کے کمرشل ایئرکرافٹ ڈویژن کے سربراہ لارس ویگنر کے مطابق اس کامیابی سے طیارے کی غیر معمولی صلاحیت ثابت ہوگئی ہے۔
اے 350-1000 یو ایل آر طیارے کی خاص بات اضافی ایندھن ذخیرہ کرنے کے لیے ریئر سینٹر ٹینک کی تنصیب ہے، جس سے اس کی پرواز کی صلاحیت میں مزید ایک ہزار ناٹیکل میل کا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کنٹاس نے پراجیکٹ سن رائز کے تحت ایسے 12 طیاروں کا آرڈر دے رکھا ہے۔ پہلے طیارے کی ڈیلیوری اپریل 2027 میں متوقع ہے، جبکہ اسی سال کے آخر میں سڈنی سے لندن کے روٹ پر باقاعدہ کمرشل پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
اس پیش رفت کو طویل فاصلے کے فضائی سفر میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے، جہاں مسافر دنیا کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک بغیر کسی درمیانی اسٹاپ کے سفر کرسکیں گے۔



