ویتنام ایئرپورٹ پر بھارتی سیاحوں کا انوکھا انداز، فرش پر اخبار بچھا کر کھانا کھانے کی ویڈیو وائرل
قریبی نشستیں خالی ہونے کے باوجود بھارتی سیاح فرش پر بیٹھ کر کھانا کھاتے رہے، ویڈیو پر شہری آداب اور عوامی رویوں سے متعلق بحث چھڑ گئی۔
## ویتنام ایئرپورٹ پر بھارتی سیاحوں کا انوکھا انداز، فرش پر اخبار بچھا کر کھانا کھانے کی ویڈیو وائرل

**ویتنام:** ویتنام کے ایک ایئرپورٹ پر بھارتی سیاحوں کے فرش پر بیٹھ کر کھانا کھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد شہری آداب اور عوامی مقامات پر مناسب رویوں کے حوالے سے نئی بحث شروع ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں بھارتی سیاحوں کے ایک گروپ کو ایئرپورٹ کے فرش پر اخبار بچھا کر اس پر کھانا رکھتے اور مل بیٹھ کر کھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اطلاعات کے مطابق قریب ہی بیٹھنے کے لیے خالی کرسیاں بھی موجود تھیں، تاہم سیاحوں نے فرش پر بیٹھ کر کھانے کو ترجیح دی۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ متعدد صارفین نے سوال اٹھایا کہ جب ایئرپورٹ پر بیٹھنے کے لیے کرسیاں دستیاب تھیں تو فرش پر بیٹھ کر کھانا کھانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
بعض صارفین کا کہنا تھا کہ بیرون ملک عوامی مقامات پر اس طرح کا طرزِ عمل کسی ملک کے شہریوں کے مجموعی تاثر کو متاثر کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق دوسرے ممالک میں سفر کرتے ہوئے مقامی قوانین، صفائی اور عوامی مقامات کے آداب کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے سیاحوں کے حق میں بھی آواز اٹھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی گروپ مل بیٹھ کر کھانا کھاتا ہے اور صفائی کا خیال رکھتا ہے، دوسروں کے لیے پریشانی پیدا نہیں کرتا تو اس میں کوئی غیر معمولی بات نہیں۔
اس واقعے نے ایک بار پھر بیرون ملک سفر کے دوران شہری ذمہ داریوں اور عوامی مقامات کے احترام سے متعلق بحث کو جنم دے دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق کسی بھی ملک میں سفر کرتے ہوئے وہاں کے ماحول، سہولیات اور سماجی آداب کا احترام کرنا ہر مسافر کی ذمہ داری ہے، کیونکہ عوامی مقامات سب کے مشترکہ استعمال کے لیے ہوتے ہیں۔



