اٹلی کے شہر میلان کے لیناتے ایئرپورٹ پر ایک فیاٹ پانڈا گاڑی نجی طیارے سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن متاثر ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ پیر کی صبح 11 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جب فیاٹ پانڈا گاڑی بے قابو ہو کر ہاکر بیچ کرافٹ 400 اے نجی طیارے کے اگلے حصے سے جا ٹکرائی۔ تصادم کے نتیجے میں نجی طیارے کے ریڈار ڈوم اور ناک والے حصے کو نقصان پہنچا۔
آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کے امیدواروں کا اعلان کردیا
حادثے کے بعد امدادی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے طیارے کے ساتھ ساتھ گاڑی کا بھی معائنہ کیا، تاہم حادثے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کے باعث لیناتے ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن 30 منٹ کے لیے روک دیا گیا، جبکہ ایئرپورٹ پر بیک وقت متعدد پروازوں کی آمد و روانگی کے باعث زیادہ تر پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس کی جانب موڑنا پڑا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گراؤنڈ سروس میں استعمال ہونے والی گاڑی کا ڈرائیور طیارے سے ٹکرانے سے قبل گاڑی پر قابو کیوں نہ رکھ سکا۔
ابتدائی طور پر ڈرائیور کی ممکنہ توجہ بھٹکنے یا طبی مسئلے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم حکام کی جانب سے ان میں سے کسی وجہ کی تصدیق نہیں کی گئی۔