ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے آبادی میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ایک عظیم اور بااثر عالمی قوت کے طور پر مقام کا بڑھنا براہِ راست اس کی آبادی میں اضافے سے جڑا ہوا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قومی یوم آبادی کے موقع پر جاری ایک پیغام میں سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے شرحِ پیدائش بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے بچوں کی پیدائش کے رجحان کو فروغ دینے کی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔
امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کے اختیارات محدود کرنے کی قرارداد منظورکرلی
اپنے پیغام میں انہوں نے آبادی کے شعبے میں کام کرنے والے کارکنوں کے اس خط کا بھی ذکر کیا جس میں ان کے والد آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت اور محبت کا اظہار کیا گیا تھا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ آبادی میں اضافے کی ضرورت کو بعض اوقات صرف ماضی کی پالیسیوں کی خامیوں کی تلافی کے طور پر دیکھا جاتا ہے، تاہم اس کا ایک زیادہ اہم اسٹریٹجک پہلو بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کی درست اور مؤثر پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ایرانی قوم مستقبل میں بڑے کردار اور اسٹریٹجک کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل ہو گی اور ایک نئی اسلامی ایرانی تہذیب کی تشکیل کی جانب اہم پیش رفت کر سکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مرحوم رہبر نے اس موضوع کو عوامی اور نجی ملاقاتوں اور خط و کتابت میں خصوصی اہمیت دی اور یہ اسلامی نظام کے اہم ترین اسٹریٹجک معاملات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے آبادی کے شعبے میں کام کرنے والے عوامی کارکنوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنی کوششیں جاری رکھنے کی ترغیب دی۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ آبادی کے شعبے میں عوامی کارکنوں کی بڑھتی ہوئی کوششیں اور بچوں کی پیدائش کے رجحان کو فروغ دینا روشن مستقبل کے حصول میں نمایاں اثر ڈال سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کی طاقت کا تسلسل براہِ راست آبادی میں اضافے سے وابستہ ہے۔