Gas Leakage Web ad 1

ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قبضہ حاصل کرلیا، چند ماہ میں فائیو اسٹار ہوٹل بنائیں گے، محسن نقوی

0

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قبضہ حکومت نے حاصل کرلیا ہے، جبکہ وفاقی کابینہ نے اس معاملے سے متعلق جے آئی ٹی رپورٹ کی منظوری دے دی ہے۔ اگلے چند ماہ میں عمارت کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کیا جائے گا۔

Gas Leakage Web ad 2

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کی سرکاری زمینوں پر قبضے کیے گئے، سی ڈی اےکےافراد کی وجہ سے یہ سب ہوا۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق جس کی جتنی ادائیگی بنتی ہے، اسے ادا کی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے انہیں اس معاملے پر مکمل حمایت حاصل رہی، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں،  حکومت فائیو اسٹار ہوٹل کے لیے ایک ملٹی نیشنل کمپنی سے عمارت کی مالیت کا تخمینہ لگوائے گی، کیونکہ حکومت خود ہوٹل نہیں چلا سکتی۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ سرکاری زمین ہر صورت واپس حاصل کی جائے گی اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹرز سی 14، سی 15 اور سی 16 میں بھی زمین واگزار کرائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران دباؤ آتا ہے، تاہم چیئرمین سی ڈی اے نے آپریشن کیا اور حکومت نے ان کی معاونت کی، مقصد صرف کارروائی کرنا نہیں بلکہ اسے منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے عملے سے متعلق خبروں پر بھی ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ایک چیف سکیورٹی افسر، ایک پرسنل اسٹاف افسر اور ایک ڈائریکٹر ہیں۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ساتھ 6 پی ایس اوز تھے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا کی خبروں پر ہی انحصار نہ کیا جائے۔ اگر ان کے پاس 28 افراد کی فہرست لائی جاتی تو وہ اسے تسلیم کرلیتے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.