بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف فورسز کی کارروائیاں، 36 دہشت گرد ہلاک
پاک فوج نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں کے دوران 36 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جن میں بھارتی پراکسیز اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 4 ستمبر کو مستونگ میں کارروائی کے دوران 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ بڑی مقدار میں گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات بھی تباہ کیے گئے۔
کوئٹہ کے علاقے شعبان میں ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 26 خوارج ہلاک ہوئے۔
قلات میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کے دوران 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ سبی میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ رواں سال ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 1188 ہو گئی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔