سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا، صدر آصف زرداری
سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا، صدر آصف زرداری
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی مسلم امہ میں اتحاد، اعتدال اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ایوانِ صدر میں ملاقات کے دوران ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے صدر آصف علی زرداری سے تبادلہ خیال کیا۔ صدر مملکت نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مذہبی جماعت کا احتجاج، لاہور سے گرفتار ملزمان کی تعداد 624 ہوگئی
صدر زرداری نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ کی انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خلاف کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ اسلام آباد میں مسلم ورلڈ لیگ کی میزبانی میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس ایک مثبت اقدام ہے، جبکہ سیرت النبی ﷺ میوزیم پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے درمیان عقیدت اور احترام کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے درمیان مجوزہ معاہدہ صحت، تعلیم اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ صدر نے فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امن کی ہر کوشش میں پائیدار جنگ بندی، اسرائیلی انخلا اور غزہ کی تعمیر نو کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
سعودی عرب سے تعلقات پر بات کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، اور ولی عہد محمد بن سلمان کا آئندہ دورہ پاکستان ان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ پاکستان سعودی عوام کے دلوں میں خصوصی مقام رکھتا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ دوستی کو باعثِ فخر سمجھتا ہے۔
انہوں نے صدر آصف علی زرداری کے سیاسی سفر کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جدوجہد کو مشعلِ راہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدہ باہمی اعتماد اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔