Gas Leakage Web ad 1

دنیا کا پہلا زہریلا اور نشہ آور مشروم دریافت، سائنس دان بھی حیران

امریکی ریاست فلوریڈا کے دلدلی علاقوں میں ملنے والی منفرد کھمبی میں نشہ آور مادے سائیلوسائبن اور جان لیوا زہر امیٹوکسِنز کی موجودگی کا انکشاف ہوگیا۔

0

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی سائنس دانوں نے قدرتی دنیا میں ایک غیر معمولی اور حیران کن دریافت کرتے ہوئے ایسی کھمبی کی نشاندہی کی ہے جس میں بیک وقت نشہ آور اور جان لیوا زہریلے مادے موجود ہیں۔ اس منفرد دریافت کو ’’ڈارک میجک مشروم‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

امریکی ریاست فلوریڈا کے دلدلی علاقوں میں دریافت ہونے والی اس چھوٹی بھوری کھمبی کا سائنسی نام گیلرینا انڈیکا (Galerina indica) ہے۔ محققین کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی پہلی معلوم کھمبی ہے جس میں دو مختلف اور انتہائی خطرناک کیمیائی مرکبات ایک ساتھ پائے گئے ہیں۔

یونیورسٹی آف فلوریڈا کے محققین کے مطابق اس کھمبی میں سائیلوسائبن (Psilocybin) اور امیٹوکسِنز (Amatoxins) نامی مرکبات موجود ہیں۔ سائیلوسائبن ایک نشہ آور مادہ ہے جو انسانی دماغ پر اثر انداز ہوکر سوچنے، محسوس کرنے اور چیزوں کو دیکھنے کے انداز میں تبدیلی پیدا کرسکتا ہے، جبکہ امیٹوکسِنز انتہائی مہلک زہریلے مادے ہیں جو جگر کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں اور جان لیوا زہر خورانی کا سبب بن سکتے ہیں۔

اس اہم دریافت سے متعلق تحقیقی مقالہ سائنسی جریدے کرنٹ بائیولوجی (Current Biology) میں شائع کیا گیا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ یہ دونوں مرکبات فنگس کی مختلف اقسام میں الگ الگ پائے جاچکے ہیں، تاہم اب تک کسی ایک ہی نوع میں ان کی بیک وقت موجودگی کا ثبوت سامنے نہیں آیا تھا۔

محققین کے مطابق یہ کھمبی 2025 میں فلوریڈا کے دلدلی علاقوں میں کائی سے ڈھکے کھجور کے درختوں کے تنوں پر اگتی ہوئی ملی تھی۔ اسے کیمسٹ اور فنگس کے ماہر اینڈریو کُنک (Andrew Kunik) نے دریافت کیا۔

سائنس دانوں کا خیال ہے کہ اس کھمبی میں دونوں خطرناک مرکبات پیدا کرنے کی صلاحیت اس کے قدیم اجداد میں ہونے والی جینیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں پیدا ہوئی۔ ممکنہ طور پر اس کے اجداد نے فنگس کی دوسری اقسام سے ڈی این اے حاصل کیا، جس کے باعث ایک ہی نوع میں دونوں مرکبات پیدا کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگئی۔

ماہرین کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کھمبیاں سائیلوسائبن کیوں پیدا کرتی ہیں، تاہم ایک امکان یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ زہریلے مرکبات انہیں ان جانوروں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں جو انہیں خوراک کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

یونیورسٹی آف وسکونسن میڈیسن کی ماہرِ فنگس این پرنگل نے بھی اس دریافت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے فنگس میں موجود کیمیائی مرکبات اور ان کے امتزاج کے حوالے سے نئی سائنسی معلومات سامنے آئی ہیں۔

محققین نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ گیلرینا انڈیکا جیسی کھمبیوں کی شناخت کرنا آسان نہیں، حتیٰ کہ تربیت یافتہ ماہرین کے لیے بھی ان میں فرق کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ اس لیے نامعلوم جنگلی کھمبیوں کو ہرگز نہیں کھانا چاہیے، کیونکہ بظاہر معمولی دکھائی دینے والی یہ کھمبیاں بھی جان لیوا زہر رکھ سکتی ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.