کراچی: شادی ہال سے دو نامعلوم خواتین سلامی کا پرس لے اڑیں، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن کے قریب شادی کی تقریب کے دوران دونوں خواتین مبینہ طور پر دولہا دلہن کے اطراف گھومتی رہیں اور موقع ملتے ہی سلامی کا بیگ لے کر فرار ہوگئیں۔
کراچی: شہر کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن کے قریب واقع ایک شادی ہال میں دو نامعلوم خواتین مبینہ طور پر سلامی کا پرس چوری کرکے فرار ہوگئیں، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں خواتین شادی کی تقریب کے دوران دولہا اور دلہن کے اطراف گھوم رہی ہیں۔ اس دوران موقع ملتے ہی ایک خاتون سلامی کا بیگ اٹھاتی ہے اور دونوں تیزی سے وہاں سے فرار ہوجاتی ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ تیموریہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دونوں خواتین کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے، جبکہ انہیں گرفتار کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
واقعے کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد شادی کی تقریبات میں قیمتی سامان اور سلامی کی رقم کی حفاظت کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔



