بین الاقوامی سطح پر منظم جرائم کی روک تھام اور ان کے خلاف جدوجہد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ، منشیات اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جرائم سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ منظم جرائم معاشرے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں، جن کی روک تھام کے لیے ہر سطح پر مشترکہ اقدامات کرنا ناگزیر ہے۔
اگر پنجاب جاگ جائے تو ملک بھر میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے: حافظ نعیم الرحمان
مریم نواز شریف نے بتایا کہ لاہور میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر 41 فیصد، ڈیرہ غازی خان میں 16 فیصد، بہاولپور میں 52 فیصد اور شیخوپورہ میں 32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ان کے مطابق ملتان میں جرائم کی شرح میں 47 فیصد، راولپنڈی میں 36 فیصد، ساہیوال میں 42 فیصد، گوجرانوالہ میں 67 فیصد اور گجرات میں 58 فیصد کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں ڈسٹرکٹ سیف سٹی اتھارٹیز، موبائل پولیس اسٹیشنز اور ڈیجیٹل اسمارٹ پولیسنگ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔ منظم جرائم کے خلاف جدوجہد میں جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس شیئرنگ اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون کی بالادستی، عوام کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، جبکہ قانون کی حکمرانی کے بغیر جرائم سے پاک معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کو انسانی اسمگلنگ اور استحصال سے محفوظ رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ نوجوان نسل کو منشیات اور جرائم پیشہ سرگرمیوں سے بچانا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کرنا منظم جرائم کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ ایک محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جرائم کے خلاف جدوجہد میں عالمی اداروں اور متعلقہ ممالک کے درمیان تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایک پرامن، محفوظ اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔



