فیس بک صارفین کی نجی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی پر میٹا کو 887 ملین ڈالر جرمانہ
فیس بک صارفین کی نجی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی پر میٹا کو 887 ملین ڈالر جرمانہ کر دیا گیا ہے۔

اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیٹر نے یہ جرمانہ فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا پر عائد کیا ہے۔ الزام ہے کہ صارفین کی اجازت کے بغیر ان کے موبائل فونز میں موجود تصاویر، ویڈیوز اور دیگر ڈیٹا تک رسائی حاصل کی گئی۔
اطالوی حکام کے مطابق فیس بک ایپ کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین کی گیلری تک رسائی حاصل کی جا رہی تھی، لیکن صارفین کو اس بارے میں صحیح طرح بتایا نہیں گیا اور نہ ہی ان سے رضامندی لی گئی۔ اس سے اٹلی میں تقریباً 2 کروڑ صارفین متاثر ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیچر 2023 سے دستیاب تھا، جس کے تحت گیلری کی تصاویر اور ویڈیوز تجویز کی جاتی تھیں تاکہ صارف انہیں فیس بک پر پوسٹ کر سکے۔ لیکن ایپ میں گیلری تک رسائی کے لیے ایک ہی بار سرسری سی اجازت مانگی جاتی تھی، جس سے صارفین کو یہ واضح نہیں ہوتا تھا کہ اس سے یہ فیچر بھی فعال ہو جائے گا۔
ریگولیٹر نے میٹا کو 60 دن کی مہلت دی ہے کہ اس فیچر کو ڈیفالٹ طور پر بند کیا جائے اور اسے استعمال کرنے کے خواہشمند صارفین سے الگ اجازت لی جائے۔ کمپنی کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ یہ فیچر فون گیلری تک رسائی حاصل کرتا ہے اور اسے بند کیسے کیا جا سکتا ہے۔
حکام نے کہا کہ 2026 میں متعارف کرائے گئے ایک نئے فیچر کا بھی الگ سے جائزہ لیا جا سکتا ہے، جس کے تحت گیلری کی تصاویر اور ویڈیوز ریموٹ سرورز پر پراسیس کی جا سکتی ہیں۔



