بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم سے کٹوتی کرنے والے 5 ایجنٹس گرفتار
گھوٹکی کے علاقے اوباڑو میں پولیس کی کارروائی، مستحق خواتین کی امدادی رقم سے ایک ہزار سے 1500 روپے تک غیر قانونی کٹوتی کی جا رہی تھی، ملزمان سے 8 ڈیوائسز اور 9 موبائل فون برآمد۔
گھوٹکی: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی مالی امداد میں غیر قانونی کٹوتی کرنے والے پانچ ایجنٹس کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

اے بی این نیوز کے مطابق گھوٹکی کے شہر اوباڑو میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے امدادی رقم کی ادائیگی کے دوران مستحق خواتین سے غیر قانونی طور پر پیسے وصول کرنے والے پانچ ڈیوائس ہولڈر ایجنٹس کو حراست میں لے لیا۔
ڈی ایس پی اوباڑو ارشد سعید نے کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ایجنٹس غریب اور مستحق خواتین کو ملنے والی مالی امداد میں سے فی خاتون ایک ہزار سے 1500 روپے تک غیر قانونی کٹوتی کر رہے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک نجی بینک کی 8 ڈیوائسز، 9 موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔
ڈی ایس پی اوباڑو نے مزید بتایا کہ گرفتار کیے گئے پانچوں نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ اوباڑو میں باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں خصوصاً خواتین کو مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ امدادی رقم سے غیر قانونی کٹوتی مستحق افراد کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
پولیس کی اس کارروائی کے بعد مستحق خواتین کی امدادی رقم میں کٹوتی کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔



