پاکستان ریلوے نے مسافروں کے لیے اہم خوش خبری کا اعلان کرتے ہوئے لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت 15 نومبر سے بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، فیصل آباد سیکشن پر ٹرین آپریشن 15 نومبر سے دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ مسن کالر اور قلعہ شیخوپورہ کے درمیان نیا ریلوے پل تعمیر کرلیا گیا ہے، جبکہ نئے تعمیر ہونے والے پل پر انجن چلا کر کامیاب ٹرائل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
حوثیوں کے مسجد الحرام کے قریب 2 بیلسٹک میزائل حملے، سعودی دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کردیے
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ریلوے حفیظ اللہ کی ہدایت پر لاہور، فیصل آباد سیکشن کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 15 نومبر سے دونوں شہروں کے درمیان ٹرینیں دوبارہ اپنے اصل روٹ پر چلنا شروع ہوجائیں گی۔
پاکستان ریلوے نے قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کو بھی ان کے سابقہ روٹس پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قراقرم ایکسپریس کی ٹرین نمبر 41 اپ اور 42 ڈاؤن 15 نومبر سے دوبارہ لاہور، فیصل آباد روٹ کے ذریعے سفر کرے گی۔
اسی طرح شالیمار ایکسپریس بھی 15 نومبر سے اپنے اصل لاہور، فیصل آباد روٹ پر بحال ہوجائے گی۔ متاثرہ ریلوے سیکشن کی بحالی کے بعد مسافروں کو سیلاب کے باعث اختیار کیے گئے طویل متبادل روٹ سے بھی نجات مل جائے گی۔
پاکستان ریلوے کے مطابق لاہور اور فیصل آباد کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو 15 نومبر سے براہ راست ٹرین سفری سہولت دوبارہ میسر ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سیلاب کے باعث دونوں ٹرینیں عارضی طور پر ساہیوال کے متبادل روٹ سے چلائی جا رہی تھیں۔ پاکستان ریلوے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی ٹرین ٹائمنگ اور بحال ہونے والے روٹ کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔
پاکستان ریلوے کے مطابق ٹرینوں کی آمدورفت اور سفری معلومات حاصل کرنے کے لیے مسافر ریلوے ہیلپ لائن 117 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔



