کراچی پورٹ ٹرسٹ نے کھاد اور گندم سے لدے دو غیر ملکی بحری جہازوں کو بیک وقت برتھ فراہم کرکے مجموعی طور پر ایک لاکھ ایک ہزار ٹن درآمدی اشیا کی ہینڈلنگ شروع کر دی ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق دونوں جہاز کراچی گیٹ وے ٹرمینل پر لنگر انداز ہیں، جن میں ایک جہاز 50 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد جبکہ دوسرا 51 ہزار ٹن گندم لے کر پہنچا ہے۔
کے پی ٹی کے مطابق ایم وی ژونگ چانگ 538 سے اب تک 48 ہزار 525 ٹن کھاد اتاری جا چکی ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ہزار 481 ٹن کھاد کی ہینڈلنگ کی گئی۔ دوسری جانب ایم وی گوکووا ایم سے 7 ہزار 200 ٹن سے زائد گندم اتاری جا چکی ہے اور ان لوڈنگ کا عمل جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں جہازوں کی بیک وقت ہینڈلنگ کراچی پورٹ کی آپریشنل صلاحیت اور مؤثر انتظامات کا مظہر ہے۔ ضروری اشیا کی بروقت ترسیل زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ کے لیے اہم ہے۔
چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد کے مطابق دونوں جہازوں کو حکومتی ہدایات پر ترجیحی بنیادوں پر برتھ فراہم کی گئی، جبکہ بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔



