پاکستان نے افغان طالبان حکومت پر افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی روکنے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ طالبان قیادت دوطرفہ تعلقات میں کشیدگی کی ذمہ داری اسلام آباد کی پالیسیوں پر ڈال رہی ہے، جبکہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے کے بنیادی مسئلے کو نظرانداز کر رہی ہے۔ پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہیں برداشت نہیں کی جائیں گی اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق تمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان خطرات سے نمٹنے کی بنیادی ذمہ داری افغان طالبان حکومت پر عائد ہوتی ہے، جبکہ الزام تراشی اور کھوکھلی یقین دہانیوں سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری ممکن نہیں۔



