گوشوارے جمع نہ کروانے پر ایس ای سی پی نے 39,704 کمپنیوں کو “غیر فعال” قرار دے دیا
سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ای سی پی نے 39 ہزار 704 کمپنیوں کو غیر فعال قرار دے دیا ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق یہ کمپنیاں 4 سال سے سالانہ گوشوارے جمع نہیں کرا رہی تھیں، غیر فعال کمپنیوں کے نئے بینک اکاؤنٹس نہیں کھل سکیں گے جبکہ متعلقہ کمپنیوں کے موجودہ بینک اکاؤنٹس بھی فائلنگ مکمل ہونے تک منجمد کر دیے گئے ہیں اور غیر فعال کمپنیاں اس دوران مالیاتی خدمات حاصل نہیں کر سکیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دوبارہ فعال ہونے کے لیے کمپنیوں کو اپنی واجب الادا فائلنگ مکمل کرنا ہوگی اور غیر فعال حیثیت کے دوران کمپنیوں کے ڈائریکٹرز میں تبدیلی رجسٹر نہیں ہو سکے گی۔
غیر فعال قرار دی گئی کمپنیوں میں لاہور کی 13 ہزار 927، اسلام آباد کی 13 ہزار 859، کراچی کی 4 ہزار 868، پشاور کی 2 ہزار 31، ملتان کی ایک ہزار 861، فیصل آباد کی ایک ہزار 384، گلگت کی ایک ہزار 102، کوئٹہ کی 436 اور سکھر کی 236 کمپنیاں شامل ہیں۔
چیئرمین ایس ای سی پی کے مطابق کمپنیاں قانونی تقاضے پورے کر کے دوبارہ فعال حیثیت حاصل کر سکتی ہیں، کمپنیوں کو غیر فعال قرار دینے کا مقصد کارپوریٹ رجسٹر کو زیادہ قابل اعتماد بنانا ہے اور یہ اقدام غیر فعال کمپنیوں کے غلط استعمال کی روک تھام میں مدد دے گا، شفاف اور قابل اعتماد کارپوریٹ رجسٹر کاروباری اعتماد کی بنیاد ہے اور غیر فعال کمپنیوں کو الگ کرنا مالیاتی نظام کے تحفظ کے لیے اہم ہے۔



