Gas Leakage Web ad 1

راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ رقم کر دی

0

افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 200 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر کا اعزاز حاصل کرلیا۔

Gas Leakage Web ad 2

راشد خان نے یہ تاریخی کارنامہ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں انجام دیا۔ انہوں نے زمبابوے کے وکٹ کیپر بیٹر تادیواناشے مارومانی کو صرف 2 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے اپنی 200ویں وکٹ مکمل کی۔

افغان اسپنر نے یہ سنگ میل اپنے 120ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں عبور کیا۔ اس طرح وہ مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں 200 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے بولر بن گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں راشد خان 200 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید 171 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ہانگ کانگ کے احسان خان اور نیوزی لینڈ کے ایش سوڈھی 165، جبکہ نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی 164 وکٹوں کے ساتھ فہرست میں نمایاں ہیں۔

راشد خان کی بولنگ اوسط 13.96 اور اکانومی ریٹ 6.13 ہے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کی بہترین بولنگ 3 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرنا ہے۔ ان کے نام اس فارمیٹ میں دو مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز بھی درج ہے۔

راشد خان 20 ستمبر 1998 کو افغانستان کے صوبے ننگرہار میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اکتوبر 2015 میں زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ اپنی غیرمعمولی لیگ اسپن اور گوگلی کے باعث انہوں نے بہت کم عرصے میں عالمی کرکٹ میں نمایاں مقام حاصل کرلیا۔

وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی افغانستان کے اہم ترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا کی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔

انڈین پریمیئر لیگ میں وہ سن رائزرز حیدرآباد اور گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کرچکے ہیں، جبکہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔

راشد خان کے اس عالمی ریکارڈ کو افغانستان کرکٹ کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.